غزہ ۔ 23 ڈسمبر (ایجنسیز) اسرائیل کی جانب سے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں گولہ باری، فائرنگ اور شہریوں کے گھروں کو دھماکوں سے اڑانے کے ذریعہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران العربیہ کے نمائندے نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے خان یونس کے مشرق میں بڑے پیمانے پر مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا، جس کے ساتھ ہی شہر کے جنوب میں شدید فائرنگ بھی کی گئی۔نمائندے نے مزید بتایا کہ غزہ کی پٹی کے وسط میں واقع البریج کیمپ کے جنوب مشرق میں توپ خانے سے گولہ باری اور فائرنگ کی گئی، جبکہ دیر البلح کے مشرقی علاقوں پر فضائی حملے بھی کیے گئے۔سیاسی محاذ پر غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کی طرف منتقلی سے متعلق مشاورت کے حوالے سے اسرائیلی نشریاتی ادارے نے با خبر ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسرائیل کو غزہ میں حماس اور فلسطینی اتھارٹی سے پاک “ٹیکنوکریٹ حکومت” کی تشکیل پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔”العربیہ” کے ذرائع کے مطابق، اسرائیلی رد عمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ثالثوں نے اسرائیل کو غزہ کی پٹی کے انتظامات سنبھالنے کیلئے نامزد ٹیکنوکریٹ باڈی کی تشکیل کی فہرست پیش کی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بین الاقوامی فورس کی تشکیل کے اعلان کیلئے امریکہ اور ثالثوں کے درمیان گہرے رابطے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں اشارہ دیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی فلوریڈا میں ہونے والی ملاقات غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے کے اقدامات کا حتمی فیصلہ کرے گی۔
