اسرائیل کے ایران پر حملے کا میں خود مکمل طور پر انچارج تھا:ٹرمپ

,

   

واشنگٹن 7نومبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ جب اسرائیل نے ایران پر حملہ تو میں خود مکمل طور پر انچارج تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے پہلے حملہ کیا، وہ حملہ بہت طاقتور تھا، میں اس کا مکمل طور پر انچارج تھا، اس حملے نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مزید کہا ایران پوچھ رہا ہے امریکی پابندیاں ہٹائی جا سکتی ہیں، ایران کے ساتھ ایک نیا معاہدہ چاہتے ہیں، لیکن اس وقت مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔ واضح رہے کہ اسرائیل نے جب ایران پر حملہ کیا تھا اس وقت صدر ٹرمپ نے کہا تھا امریکہ اس میں شامل نہیں تھا۔
غزہ میں بین الاقوامی فورس بہت جلد تعینات ہو گی : ٹرمپ

واشنگٹن ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ غزہ میں استحکام کیلئے بین الاقوامی فورس بہت جلد تعینات کی جائے گی۔ واشنگٹن میں جمعرات کی شب ایشیائی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ عشائیے کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ یہ تعیناتی بہت جلد ہونے والی ہے، اور غزہ میں حالات اطمینان بخش ہیں۔ یہ بات ایک صحافی کی جانب سے بین الاقوامی فورس کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سامنے آئی۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ غزہ میں زیادہ مسائل پیش نہیں آئے … اور اگر حماس کے ساتھ کوئی نئی مشکل پیدا ہوئی تو کئی ممالک نے مدد کی پیشکش کی ہے۔ساتھ ہی امریکی صدر نے حماس کو خبردار کیا کہ اگر تنظیم نے دانشمندی سے کام نہ لیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ نے بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد کا مسودہ پیش کیا، جس کا مقصد ٹرمپ کے امن منصوبے کی حمایت اور بین الاقوامی فورس کی تعیناتی کیلئے منظوری حاصل کرنا ہے۔امریکی مشن کے ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے یہ مسودہ سلامتی کونسل کے دس منتخب رکن ممالک کے علاوہ خطے کے کئی اہم شراکت داروں سعودی عرب، مصر، قطر، متحدہ عرب امارات اور ترکی کے سامنے بھی پیش کیا۔ تاہم ابھی اس پر رائے شماری کی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ذرائع کے مطابق مجوزہ فورس کا بنیادی کام غزہ کی پٹی میں تصدیق شدہ فلسطینی پولیس اہل کاروں کی تربیت ہو گا، جس کیلئے مصر اور اردن تعاون فراہم کریں گے۔ اس کے ساتھ یہ فورس سرحدی علاقوں کی نگرانی اور حماس تک اسلحے کی اسمگلنگ روکنے کی ذمہ داری بھی سنبھالے گی۔خبر رساں ایجنسی فرانس پریس کے مطابق کئی ممالک نے فورس میں شمولیت کی آمادگی ظاہر کی ہے۔ تاہم انھوں نے شرط رکھی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے باقاعدہ اجازت حاصل کی جائے۔امریکی سنٹرل کمانڈ کے سربراہ نے گزشتہ ماہ غزہ کے دورے کے دوران واضح کیا تھا کہ امریکی فوجی دستے وہاں تعینات نہیں کیے جائیں گے۔

امریکہ کبھی کمیونسٹ ملک نہیں بنے گا : ٹرمپ
واشنگٹن، 7نومبر (یو این آئی) امریکہ میں زہران ممدانی 34 سالہ ڈیموکریٹک سوشلسٹ تاریخی فتح حاصل کرکے نیویارک کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوگئے ، نوجوان ووٹرز، خاص طور پر 45 سال سے کم عمر کے ووٹروں نے انہیں مکمل طور پر سپورٹ کیا، ان کی مہم سوشل میڈیا پر بہت مقبول تھی۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے زہران ممدانی سے متعلق بولتے ہوئے اپنی تقریر کے دوران ایک موقع پر ناچنا شروع کردیا، اس موقع پر میامی کے کیسیا سینٹر میں کاروباری رہنما، کھلاڑی اور سیاست دان موجود تھے ۔ ٹرمپ انتخابی کامیابی کی پہلی سالگرہ میں شریک ہوئے تھے اور انہوں نے رقص جیت کے سگنیچر گانے پر کیا۔ ان کے سگنیچر رقص کے دوران سامعین بھی اس میں شامل ہو گئے ۔ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے ۔ یہ تقریب ٹرمپ کی انتخابی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب کے دوران، انہوں نے اس موقع پر ریپبلکن پارٹی کی شکست کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “مواصلات کی کمی حمایت میں کمی کا باعث بنی۔” اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ جب تک وہ وائٹ ہاؤس میں ہیں امریکہ کبھی کمیونسٹ ملک نہیں بنے گا۔ زہران ممدانی کی جیت کے بعد انہوں نے کہا کہ نیویارک اب آزاد نہیں ہے کیونکہ اس شہر نے میئر کے طور پر ایک کمیونسٹ کو منتخب کیا ہے ، نہ کہ سوشلسٹ۔ ٹرمپ نے ممدانی کا نام لیے بغیر کہا کہ میامی اب نیویارک چھوڑ کر آزادی کے متلاشی افراد کیلئے نئی منزل بنے گا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا، “ہم اس کا خیال رکھیں گے ،” لیکن انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ اس حوالے سے کیا اقدامات اٹھائیں گے ۔