اسرائیل کے تازہ حملوں میں 141 فلسطینی جاں بحق

,

   

جنگ بندی کیلئے دوحہ میں جاری مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار

غزہ، 13 جولائی (یواین آئی) غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے حملوں میں کم از کم 141 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔ فلسطینی طبی ذرائع کے مطابق شہداء میں 33 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو امداد کے منتظر تھے ۔میڈیا کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے خان یونس کے مغرب میں واقع علاقے میں ہاسپٹل الامل کے قریب ایک گھر کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے ۔اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ کے شہر خان یونس کے شمال میں واقع الکتیبہ محلے کے اطراف میں متعدد رہائشی عمارتوں کو بھی دھماکوں سے منہدم کر دیا۔ادھر ہفتے کے روز اسرائیلی افواج نے مغربی کنارے کے علاقے طولکرم کیمپ میں بھی رہائشی عمارتوں کی مسماری جاری رکھی۔غزہ شہر کے مغرب میں الشاطی کیمپ کے علاقے البلاخیہ میں اسرائیلی حملے میں 11 فلسطینی جاں بحق جبکہ 40 شدید زخمی ہوئے ۔ طبی ذرائع کے مطابق ان میں زیادہ تر بچے شامل ہیں۔ادھر باخبر فلسطینی اور اسرائیلی ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے لیے دوحہ میں جاری مذاکرات ایک بار پھر تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ اختلاف کی بنیادی وجہ اسرائیلی افواج کے انخلا کے دائرہ کار پر اختلاف ہے ۔مذاکرات میں شرکت کے لیے اسرائیل اور حماس کے وفود گزشتہ اتوار سے قطر میں موجود ہیں۔ مذاکرات میں مرحلہ وار قیدیوں کی رہائی، اسرائیلی فوج کے انخلا اور جنگ کے مکمل خاتمے پر تبادلہ خیال جاری ہے ۔