غزہ۔28؍جون (ایجنسیز )اسرائیل نے غزہ میں تباہی مچا رکھی ہے۔ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری اس جنگ کو بند کرنے کی کوششیں ضرور ہو رہی ہیں لیکن فی الحال اس کا کوئی نتیجہ سامنے نظر نہیں آ رہا ہے۔ اسرائیل نے جمعہ کی دیر شب اور ہفتہ کی صبح ایک بار پھر غزہ پر حملہ کر دیا جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ شفا ہاسپٹل کے ملازمین نے غزہ شہر میںواقع فلسطین اسٹیڈیم میں ہی کم از کم 12 افراد کی موت کی اطلاع دی ہے۔طبی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ غزہ کے تازہ حملے میں کم از کم 34 افراد جاںبحق ہوگئے ہیں۔
غزہ میں امدادی کارکن خود بھی بھوکے مر رہے ہیں: گوٹیرس
واشنگٹن۔ 28 جون (یواین آئی) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل گوتریس نے غزہ کی پٹی میں امریکی حمایت یافتہ امدادی کارروائی کو “فطری طور پر غیر محفوظ” قرار دیا اور کہا ہے کہ یہ کارروائی لوگوں کو قتل کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی زیرقیادت انسانی ہمدردی کی کوششوں کو دبایا جا رہا ہے ۔ امدادی کارکن خود بھوکے مر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا فلسطینیوں کو امداد کی فراہمی کی منظوری اور سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے ۔ العربیہ کے مطابق گوٹیرس نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ لوگوں کو محض اس لیے مارا جا رہا ہے کہ وہ اپنا اور اپنے خاندان کا پیٹ بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کھانے کی تلاش موت کی سزا نہیں بننی چاہیے ۔