غزہ : اسرائیلی فوج کی رفح میں مزید پیش قدمی جبکہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی بھی شدت اختیار کر گئی ہے۔ لبنان میں پیجرز اور واکی ٹاکیز دھماکوں کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس آج بروز جمعہ ہو رہا ہے۔ غزہ پٹی کے شمالی اور وسطی علاقوں پر اسرائیلی فوج کے ٹینکوں اور جنگی طیاروں کے حملوں میں کم از کم مزید چودہ فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اسرائیلی ٹینکوں نے مصر کی سرحد کے قریب شمال مغربی شہر رفح میں مزید پیش قدمی بھی کی ہے۔ اسی دوران غزہ میں اسرائیل اور حماس کے عسکریت پسندوں کے درمیان جاری لڑائی کے تناظر میں حماس کی اتحادی لبنانی عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کا اسرائیل کے ساتھ متوازی تنازعہ بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ غزہ میں حماس کے زیر انتظام وزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ اس ساحلی پٹی کے وسطی علاقہ میں نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی ٹینکوں کی گولہ باری کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے جبکہ غزہ شہر میں ایک مکان پر فضائی حملہ میں 6 افراد مارے گئے۔