اسرائیل کے مظالم سے نفرت اور انتقام کا احساس بڑھے گا:مصر

   

قاہرہ: مصر نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اقتدار کے فریب سے اسرائیل کو اپنی سلامتی کے حصول میں مدد نہیں ملے گی۔ اسرائیل کے مظالم سے خطے میں اس کے خلاف نفرت اور بدلہ لینے کا احساس بڑھے گا۔ہفتہ کے روز مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبد العاطی اور لیفٹننٹ جنرل جبریل الرجوب کی سربراہی میں فلسطینی پارٹی ‘‘الفتح’’ کے درمیان ملاقات ہوئی۔مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل جو کچھ کر رہا ہے اس سے خطے کے لوگوں کو پرامن بقائے باہمی کے طریقوں کے ساتھ رہنے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسرائیلی کارروائیوں سے خطے میں پائیدار امن کے حصول کے مواقع کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔مصری وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک ایک بار پھر فلسطینی اتھارٹی کی حمایت کرتاہے ۔ اسرائیلی کوششیں فلسطینی علاقوں کے اتحاد کو مجروح کر رہیں اور غزہ کی پٹی کو مغربی کنارے سے الگ کرنے کی کوششوں کی حمایت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لئے عرب اسلامی منصوبے پر عمل کے لیے فلسطینیوں کا اتحاد مضبوط بنانا بہت اہم ہے ۔