یروشلم ۔ 19 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل کے وزیرخارجہ اسرائیل کاٹز نے آج یہ اعلان کیا کہ عوامی سطح پر انہوں نے اپنے بحرینی ہم منصب سے دورۂ امریکہ کے دوران ملاقات کی تھی جو ایسے دو ممالک کے درمیان ہونے والی اپنی نوعیت کی پہلی ملاقات تھی جن کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں۔ مسٹر کاٹز نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل انہوں نے بحرین کے وزیرخارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ سے عوامی سطح پر ملاقات کی۔ انہوں نے اس موقع پر وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے خلیجی ممالک سے تعلقات کو فروغ دینے کیلئے وہ (کاٹز) نتن یاہو کے ساتھ کام کرتے رہیں گے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ اسرائیل کے صرف دو عرب ممالک مصر اور اردن سے سفارتی تعلقات ہیں تاہم ایران معاملہ پر پیدا ہوئی کشیدگی نے حالیہ دنوں میں اسرائیل اور عرب ممالک کو قریب تر کردیا ہے۔ ٹوئیٹ کے ساتھ منسلک ایک تصویر میں دونوں وزرائے خارجہ مسکراتے ہوئے دکھائے گئے ہیں۔
