عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کا انتباہ‘سعودی عرب میں پریس کانفرنس سے خطاب
جینوا :اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ عالمی اقتصادی ترقی کے لیے ایک سنگین دھکہ ثابت ہوگی۔یہ انتباہ عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے سعودی عرب میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں غزہ اور اسرائیل میں جو کچھ ہوا ہے ان کے خیال میں اس سے اقتصادی ترقی پر سنجیدہ اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس وقت بہت خطرناک موڑپر کھڑے ہیں۔خیال رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 5 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید ہو چکے ہیں۔عالمی بینک کے صدر نے سعودی عرب میں سالانہ بنیادوں پر ہونے والی 3 روزہ کانفرنس میں اپنے خیالات کا اظہار کیا، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 6 ہزار سے زائد وفود شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ جغرافیائی تناؤ عالمی معیشت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی خطرات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور انہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی تائید کا اعادہ کیا گیا ہے۔سعودی عرب کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے عمل کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔