بچوں کو اسلامی تعلیمات سے روشناس کروشانا نہایت ضروری ‘ ورنگل میں دوبہ دو ملاقات پروگرام سے جناب ظہیرالدین علی خان اوردیگر کا خطاب
oo نوجوانوں میں مثبت تبدیلی قابل ستائش
oo لاکھوں روپئے کمانے والا بھی سادگی سے شادی کرنے کاخواہاں
oo ا سمال اسکیل انڈسٹریز قائم کرنے مسلم نوجوانوں سے خواہش
ورنگل ۔ 6 ؍ اکٹوبر ( ایم ۔ ا ے نعیم) شادیوں میں بیجا اسراف‘ مسلکی اختلافات ‘ جسمانی بیماریاں ہماری قوم کو دیمک کی طرح کھا رہی ہیں ‘ مسلمانوں کو عملی کردار اور تعلیم کو اہمیت دیتے ہوئے ترقی کرنا چاہئے ۔ نوجوان نسل میں نئی سوچ پیدا ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے ہنمکنڈہ میں ادارہ سیاست و ملت فنڈ اور مائناریٹی انٹکچول فورم ورنگل کے زیر اہتمام پانچویں دو بہ دو ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو بریٹی اسٹار اسکول (زکریا فنکشن ہال رائے پورہ ہنمکنڈہ) میں منعقد ہوا ۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس صدیقی صدر مائناریٹی انٹکچول فورم ورنگل نے کی ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے شرکت کی ۔ شہ نشین پر ڈاکٹر رضا ملک اسسٹنٹ پروفسیر کاکتیہ میڈیکل کالج ورنگل‘ ایم اے کلیم نائب صدر مسلم ویلفیر سوسائٹی ورنگل ‘ مسعود مرزا محشر ‘ مولانا ستار قاسمی موجود تھے ۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے کہا کہ مسلم سماج و معاشرہ میں دن بدن حالات انتہائی خراب ہو رہے ہیں اس پر ہم سب کو غور و فکر کی سخت ضرورت ہے ۔ شادیوں میں بیجا اسراف لین دین کی وجہ سے رشتے قائم ہونے میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ۔ انہوں نے حضرت علی ؓکی شادی کی مثال دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ خالص اسلامی شریعت کے مطابق شادی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں نئی سوچ پیدا ہو رہی ہے ماہانہ لاکھوں روپئے کمانے والا لڑکا بھی سادگی سے شادی کرنا چاہ رہا ہے ۔ جناب ظہیرالدین علی خان نے این آر سی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگ کہاں سے شہریت کا ثبوت پیش کرسکتے ہیں ‘ انہوں نے رضاکار تنظیموں سے اپیل کی وہ ہر مسلمان کا نام ووٹر لسٹ میں شامل کروائے اور جو نام موجود ہیں اس کی جانچ کرلیں ۔ جہاں تک ہوسکے دستاویزات اپنے پاس رکھیں ۔ آسام کے مسلمانوں نے اس سلسلہ میں کام کیا ہے ۔ مسلم نوجوانوں کو چاہئے کہ اسمال اسکیل انڈسٹریز قائم کرتے ہوئے اپنی معاشی حالت کو مستحکم کریں ۔ والدین کو چاہئے کہ چائے کہ بچوں کو بچپن سے ہی اسلامی تعلیمات سے روشناس کروائیں۔ انہوں نے کہاکہ سماج کی بہتری کے لئے ادارہ سیاست ہر ممکن تعاون کرنے تیار ہے ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ لڑکی کے انتخاب میں خوبصورت کے بجائے قبول صورت اور اخلاق و کردار پر توجہ دینی چاہئے تاکہ ہر دونوں کی زندگی خوش و خرم گذرسکے ۔ اس موقع پر جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے کہا کہ مسلمان علماء کی تقاریر تو سنتے ہیں لیکن اس پر عمل نہیں کر رہے ہیں ۔ فضول خرچی سے روکنے اور لڑکی کو دیکھنے سے لیکر شادی پھر بچوں کی پیدائش تک اور اس کے بعد کی رسومات بڑے شان سے کر رہے ہیں ۔ انہوں نے ادارہ سیاست کی جانب سے مسلمانوں کی عملی ‘ تعلیمی فلاحی اور سماجی خدمات کی تفصیل بناتے ہوئے کہا کہ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست ‘ جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر‘ جنا ب عامرعلی خان نیوز ایڈیٹر کی شبانہ روز جدوجہد اور محنت کے نتیجہ میں ملت اسلامیہ کو ہر لحاظ سے ترقی دینے کی جوکاوشیں کی جا رہی ہیں وہ قابل قدر بالخصوص دو بہ دو ملاقات پروگرام کے ذریعہ رشتوں کے جوڑنے کا جو کام جاری ہے اس کے دوررس نتائج امت مسلمہ کو حاصل ہو رہے ہیں ۔ ڈاکٹر انیس صدیقی صدرنے خیرمقدم کیا اور ادارہ سیاست اور میناریٹی انٹکچول فورم کے زیر اہتمام پانچویں دوبہ دو ملاقات پروگرام کی تفصیلات سے واقف کروایا ۔ اور فورم کی جانب سے جاری فلاحی کاموں پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر دوبہ دو ملاقات پروگرام کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے والے محترمہ نصرت جہاں ‘ معراج سلطانہ ‘ میمونہ بانو ‘ مسعود مرزا محشر ‘ معشوق ربانی کو جناب ظہیرالدین علی خان ‘ شاہد مسعود کے ہاتھوں یادگار مومنٹو دیئے گئے ۔ بعدازاں ظہیرالدین علی خان نے کونسلنگ سنٹر کا تفصیلی معائنہ کرتے ہوئے اس پروگرام میں شرکت کرنے والے والدین و سرپرستوں سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر محمد سراج احمد سکریٹری مسلم ویلفیر سوسائٹی ورنگل ‘ خواجہ عظیم الدین صدر بزم فروغ اردو زبان و ثقافت ‘ موظف انجنیئر محمد جیلانی پاشاہ ‘ محمد مصلح الدین نواز نائب صدر الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی ‘ محمد اقبال علی کوثر ‘ محمد شکیل‘ محمد آصف ‘ ندیم بیگ ‘ مائیناریٹی انٹکچول فورم کے خاتون والینٹرس ریشما ‘ پروین سلطانہ ‘ نصرت جہاں ‘میمونہ بانو‘ سعدیہ سرتاج ‘ تبسم ‘ معراج سلطانہ‘ عرشیہ سلطانہ ‘ سمرین عصمہ ‘ نجمہ ‘ پروین بانو ‘ نازنین سید تاج الدین ‘ مشتاق سکریٹری بز م ابوالبرکات ہنمکنڈہ ‘ ایم اے نعیم اسٹاف رپورٹر سیاست ورنگل و دیگر موجود تھے۔ اظہار تشکر مسعود مرزا نے ادا کیا ۔ نظامت کے فرائض معشوق ربانی نے انجام دیئے ۔