اسراف کی مخالفت کرنے کا عہد کریں

   

مسجد رقیہ ظہیرآباد میں منعقدہ اجتماع سے ڈاکٹر علیم خان کا خطاب
ظہیرآباد 30 / اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ظہیرآباد کے موسیٰ نگر کالونی میں واقع مسجد رقیہ کی انتظامیہ کمیٹی نے موجودہ دور کے سلگتے ہوئے موضوع پر خطاب عام کا اہتمام کرکے ملت اسلامیہ کو جگانے کی کوشش کی ہے۔ ” ہماری غربت و افلاس کا سبب اور اس کا حل ‘‘کے زیر عنوان منعقدہ پروگرام کے شرکاء سے ڈاکٹرعلیم خان نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت اسلامیہ کے زوال کا سبب بے جا اسراف اور شریعت سے انحراف ہے اور یہ کہ اس ملک کے 85 فیصد مسلمان سطح غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں لیکن ملت کا ایک طبقہ تعلیم روزگار اور صحت کے شعبہ جات پر توجہہ مرکوز کرنے کے بجائے شادی بیاہ میں لاکھوں روپئے خرچ کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔دانشوران قوم کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بے جا اصراف سے اجتناب کی ترغیب دیں نیز ہرفرداپنے اپنے عمل کا اللہ کے حضور جوابدہ ہے ۔ اس لئے فرداً فرداًیہ عہد کریں کہ ہم بے جااصراف کی کھل کر مخالفت کریں گے۔انہوں نے دوٹوک کہا کہ ہماری شادیوں میں جہیز کے علاوہ تناول طعام کا بھی بائیکاٹ کرنا چاہئے جس پر بھی لاکھوں روپئے خرچ کیے جارہے ہیں اوراس کے بعد ماں باپ قرض کے بوجھ تلے دبے جارہے ہیں۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ظہیرآباد محمد ناظم الدین غوری نے تعارفی کلمات پیش کئے۔قاری عبدالرقیب کی قرات کلام پاک سے اس پروگرام کا آغاز ہوا۔ خواجہ نظام الدین نے جلسہ کی کاروائی چلائی جب کہ محمد ایوب صدر ایم پی جے ظہیرآباد نے آخر میں حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ محمد فاروق صدر مسجد رقیہ کمیٹی نے جلسہ کے بہترین انتظامات کئے۔ اس موقع پر عامۃ المسلمین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔