نئی دہلی : سپریم کورٹ نے جمعرات کو ہدایت دی کہ اسرو کے سائنسدان نمبی نارائنن سے متعلق 1994 ء کے جاسوسی کیس میں خاطی پولیس عہدیداروں کے رول کے بارے میں اعلیٰ سطحی کی کمیٹی کی رپورٹ سی بی آئی کو سونپی جائے جسے اُس نے اِس معاملہ کی مزید تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ہے۔ فاضل عدالت نے کہاکہ سی بی آئی کمیٹی کی رپورٹ کو ابتدائی تحقیقات تصور کرسکتی ہے اور ایجنسی سے کہاکہ مزید تحقیقات پر مبنی اپنی رپورٹ اندرون 3 ماہ عدالت کو پیش کرے۔ جسٹس اے ایم کھانویلکر کی سربراہی والی بنچ نے کہاکہ سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ریٹائرڈ) ڈی کے جین کی قیادت تین رکنی پیانل کی رپورٹ سربمہر لفافہ میں رکھی جائے اور اِسے شائع نہ کیا جائے۔ فاضل عدالت نے سابق ڈی جی پی سیبی میتھیوز کا بیان مسترد کردیا جو اُس وقت ایس آئی ٹی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ تھے۔اُنھوں نے کہا تھا کہ کمیٹی نے نارائنن کے مدعا کی سماعت کی لیکن اُنھیں نہیں سنا گیا۔ سپریم کورٹ کی بنچ نے جسٹس دنیش مہیشوری اور جسٹس کرشنا مراری شامل ہیں۔
