چنئی، 23 دسمبر (یو این آئی) اے ایس ٹی اسپیس موبائل انکارپوریشن کے 6.5 ٹن وزنی بلیو برڈ بلاک۔2 سٹیلائٹ کو نچلے فضائی مدار میں پہنچانے کیلئے اسرو کے ایل وی ایم۔3 ایم6 راکٹ کی چہارشنبہ کی صبح ہونے والی لانچ کیلئے الٹی گنتی منگل کی صبح تقریباً 8:55 بجے شروع ہوگئی۔ یہ مشن ایل وی ایم 3 کی چھٹی آپریشنل پرواز ہے ۔ انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) نے کہا ہے کہ ایل وی ایم 3 چہارشنبہ کی صبح 8:24 بجے سری ہری کوٹا کی دوسرے لانچ پیڈ سے روانہ ہوگا۔ لانچنگ کے تقریباً 16 منٹ بعد، 43.5 میٹر لمبی اور 640 ٹن وزنی لانچ وہیکل بلیو برڈ 6 سٹیلائٹ کو زمین کے نچلے فضائی مدار (ایل ای او) میں نصب کرے گی۔ یہ ایل ای او میں نصب کیا جانے والا اب تک کا سب سے بڑا تجارتی مواصلاتی سٹیلائٹ ہوگا اور ایل وی ایم 3 کے ذریعہ ہندوستانی سرزمین سے لانچ کیا جانے والا سب سے بھاری پے لوڈ ہوگا۔ الٹی گنتی کے دوران، راکٹ کے مائع اور کرائیوجینک مراحل کو پروپیلنٹ سے بھرا جائے گا اور اس کے نظام کی حتمی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ اپنے پچھلے مشینوں میں، ایل وی ایم 3 نے کامیابی سے چندریان2، چندریان3، اور دو ون ویب مشن لانچ کیے ہیں۔
