اسسٹنٹ حج آفیسرز و حج اسسٹنٹ کیلئے آج سے انٹرویوز

   

540 امیدواروں کی شرکت، محمد مسیح اللہ خان و پروفیسر ایس اے شکور کا بیان
حیدرآباد ۔ 4 مارچ ( پریس نوٹ ) حج 2019ء کے دوران ہندوستانی عازمین حج کی خدمت و سلامتی کو یقینی بنانے حج آفیسرز ، اسسٹنٹ حج آفیسرز و حج اسسٹنٹس کی جائیدادوں پر سرکاری ملازمین کی تعیناتی کی جاتی ہے ۔ اس مقصد کیلئے مناسب امیدواروں کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے ۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد مسیح اللہ خان اور ایکزیکٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اسسٹنٹ حج آفیسر کی جائیدادوں کیلئے امیدواروں کا انتخاب دوسری مرتبہ حیدرآباد میں ہورہا ہے ۔ یہ انٹرویو حیدرآباد میں دفتر تلنگانہ حج کمیٹی میں 5 مارچ کو صبح 9.30 بجے سے شروع ہونگے جو 14 مارچ تک جاری رہیں گے ۔ انٹرویو میں جنوبی ہند کی ریاستوں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، کرناٹک ،کیرالا ، ٹاملناڈو کے علاوہ لکشادویپ کے تقریباً 540 امیدوار شرکت کریں گے جن میں اسسٹنٹ حج آفیسر کے عہدہ پر تعیناتی کیلئے 90 اورحج اسسٹنٹ کے عہدہ پر تعیناتی کیلئے 450 امیدوار شامل ہیں ۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور و مرکزی حج کمیٹی کے حکام امیدواروں کا انٹرویو لیں گے ۔ عہدیدار حیدرآباد پہنچ چکے ہیں ۔ تلنگانہ حج کمیٹی سے امیدواروں کے انٹرویو کیلئے انتظامات کرلئے گئے ہیں ۔مرکزی عہدیداروں نے تلنگانہ حج کمیٹی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا تھا ۔