30 سے زائد عالمی بینکس کے نمائندوں کی شرکت
حیدرآباد ۔15۔ ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اسلامی بینکنگ کے ماہر سید موسیٰ کلیم فلاحی کو سنیگل میں منعقدہ گلوبل اسلامک فینانس سمٹ میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ صدرنشین گلوبل اسلامک فینانس برطانیہ ہمایوں ڈار نے 2023 ء میں اسلامک بینکنگ کے شعبہ میں نمایاں کارکردگی پر سید موسیٰ کلیم فلاحی کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔ سنیگل کے صدر ہز اکسلینسی میکی سال کو افریقہ میں اسلامک بینکنگ کو عام کرنے میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ سنیگل میں مسلمانوں کی آبادی 95 فیصد ہے اور اسلامک بینکنگ کو تیزی سے فروغ حاصل ہورہا ہے ۔ سید موسیٰ کلیم ابوظہبی کے سراج فینانس PJSC میں چیف بزنس اینڈ انوسیٹمنٹ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ سابق میں دبئی اسلامک بینک اور افغانستان اسلامک بینک کے صدرنشین کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اسلامک بینکنگ کے دنیا بھر کے ماہرین اور اسلامک بینکوں کے نمائندوں نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔ جناب سید موسیٰ کلیم ممتاز اسکالر مولانا سید یوسف مرحوم کے فرزند ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کانفرنس میں تقریباً 30 علمی بینکس اور معاشی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی جن کا تعلق مشرقی وسطی ، امریکہ ، افریقہ ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے ہے۔ کانفرنس میں اسلامک بینکنگ کے فروغ کا جائزہ لیا گیا تاکہ مسلمانوں کو اسلامک بینکنگ کے فوائد سے آگاہ کیا جاسکے۔