اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کا 60 واں کنونشن

   

20 ہزار افراد کی شرکت، حکومت کی اہم شخصیتوں کا خطاب، مسلمانوں کو درپیش مسائل کا جائزہ
حیدرآباد۔/6 ستمبر، ( سیاست نیوز) اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (ISNA) کا 60 واں سالانہ کنونشن روس ماونٹ ایلینوائس کے ڈونالڈ ای اسٹیفن کنونشن سنٹر میں منعقد ہوا جس میں تقریباً 20 ہزار کمیونٹی ارکان نے شرکت کی۔ 200 سے زائد ممتاز مقررین نے خطاب کیا اور راؤنڈ ٹیبل ڈسکشن کے علاوہ بین مذاہب رسپشن اور دیگر سرگرمیوںکا اہتمام کیا گیا تھا۔ 500 بوتھ کے ذریعہ بازار قائم کیا گیا۔ کنونشن کے دوران کھیل کود اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریباً 40 منتخب عہدیداروں اور کمیونٹی لیڈرس نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ مسلمانوں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کے تحت ہر سال کنونشن کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ امریکہ میں مسلمانوں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔ امریکہ کے مسلمانوں کے علاوہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد بین الاقوامی رپورٹ اور وفاقی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار شرکت کرتے ہیں۔ صدرنشین اسٹیرنگ کمیٹی میر خان نے بتایا کہ مقامی، ریاستی اور وفاقی سطح کے عہدیدار ISNA کے پروگرام میں شریک ہوتے ہیں۔ اس کنونشن کے انعقاد کا مقصد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو امن اور بھلائی کے عنوان سے متحد کرنا ہے۔ ’ اِسنا ‘ کی صدر صفا ذرزور نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ سماج کے مختلف مذاہب کے ماننے والوں کیلئے کنونشن ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف مسلمانوں کا ایونٹ نہیں بلکہ امریکہ کا ایونٹ ہے۔ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد، ان کے خاندانوں ، تاجرین اور رضاکارانہ تنظیموں کیلئے بہتر نمائندگی کا عین ذریعہ ہے۔ جاریہ سال کنونشن کا عنوان ’’ 60 سالہ خدمات اور پیش رفت ‘‘ رکھا گیا ہے۔ سماج کو درپیش چیالنجس سے نمٹنے اور سماجی تبدیلی کیلئے مذاہب کا اہم ہوتا ہے۔ نارتھ امریکہ میں مسلم کمیونٹی کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اِسنا کے کنونشن میں جن 200 اہم شخصیتوں نے شرکت کی ان میں کانگریس مین آر کھنہ، کانگریس ویمن سمرلی، خضر خان اور دیگر اہم شخصیتوں نے شرکت کی۔ مسلم امریکن فلم میکرس کی تیار کردہ فلموں پر مشتمل فلم فیسٹول کا اہتمام کیا گیا۔ نامور مقررین حمزہ یوسف، زید شاکر اور یاسر خدی نے خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کرنے والوں میں 40 فیصد خواتین شامل ہیں۔ ’اِسنا‘ نارتھ امریکہ میں مسلمانوں کا سب سے قدیم اور نمائندہ ادارہ ہے۔ 1963 میں مسلم اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن نے اس کا قیام عمل میں لایا تھا۔ اشفاق سید سکریٹری اسکریننگ کمیٹی نے تفصیلات سے واقف کرایا۔ 60 سالہ خدمات کے اعتراف میں کیک کاٹا گیا۔