برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین کی پریس کانفرنس
لندن: برطانوی وزیر داخلہ سویلا بریورمین نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کیلئے اسلام پسند دہشت گردی اب بھی سب سے بڑا خطرہ ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق وزیرداخلہ نے اسلام پسند دہشت گردی کو قومی سلامتی کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ ماہ برطانیہ میں ایک عوامی اجتماع پر داعش کی دہشت گردی کی منصوبہ بندی کو ناکام بنا دیا گیا تھا۔سویلا بریورمین نے کہا کہ اسلامی دہشت گردی ایک بڑا خطرہ بنی ہوئی ہے اور یہ بالکل غیر متوقع ہوتی ہے، جس کا پہلے سے پتہ لگانا اور پھر تفتیش کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ اس قت بھی نسداد دہشت گردی فورسز کے پاس لگ بھگ 800 دہشت گردی سے متعلق براہ راست کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ 2022 میں دہشت گردی سے متعلق جرائم کیلئے 169 گرفتاریاں کی گئیں۔ سویلا بریورمین کے مطابق اسلام پسند دہشت گردی اب بھی MI5 پر کیس لوڈ کا تین چوتھائی حصہ ہے۔یاد رہے کہ وزیر داخلہ بریورمین اس ہفتے انسداد دہشت گردی کیلئے نئی حکمت عملی کا اعلان کرنے والی ہے اور ایسا عراق کے انسداد دہشت گردی کے سینیئر افسر کے اْس بیان کے بعد کیا جا رہا ہے جس میں انھوں نے داعش کی جانب سے برطانیہ میں حملے کی تیاری کا انکشاف کیا تھا۔