مدرسہ معاذ بن جبل بودھن میں تہنیتی تقریب سے جناب عامر علی خاں کا خطاب
بودھن ۔29 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و ایم ایل سی کے دورۂ بودھن کے موقع پر مدرسہ معاذ بن جبل میں اُن کے اعزاز میں ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں مہمانِ خصوصی جناب عامر علی خان نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عام مدارس و اسکولوں میں روایتی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اسکولوں میں مختلف مضامین کی تعلیم جیسے سائنس ، جغرافیہ ، تاریخ و حساب کتاب کی تعلیم و تربیت دی جاتی ہے لیکن دینی مدارس میں حفظ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو اﷲ رب العزت کی جانب سے بھیجی ہوئی کتاب کلام پاک کا درس دیا جاتا ہے جس کو یاد کرنے والے طلبہ بنیادی طورپر ذہین ہوتے ہیں۔ جناب عامر علی خان نے مدرسہ انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ اُن کے مدرسہ میں زیرتعلیم چنندہ بچوں کو دینی تعلیم کے ساتھ نئے طریقہ سے عصری طورپر اسلامی نظام تعلیم کو سہل بنانے ریسرچ کریں جس کیلئے حکومت کی جانب سے معاشی امداد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پہلے تجرباتی طورپر ایک ذہین اور ایک شریر طالب علم کا انتخاب کریں۔ انھوں نے کہا کہ شریر لڑکا اپنے ذہن کا زیادہ استعمال کرتا ہے اور ذہین بچہ وقت اور مقام کا صحیح تعین کرتا ہے ۔ اس طرح یہ بچے اپنے پروجکٹ کو کامیابی سے ہمکنار کرنے اپنی جدوجہد جاری رکھ سکتے ہیں ۔ جناب عامر علی خان صاحب کی آمد پر اُن کی مدرسہ کے منتظم مولانا عبدالحمید السائح صدر جامع مسجد رئیس پیٹ انتظامی کمیٹی محبوب اللہ گلشن عابد احمد صوفی ایڈوکیٹ ، بودھن کے آئمہ و حفاظ اسکول میں زیرتعلیم طلبہ اور مقامی افراد نے بکثرت گلپوشی و شال پوشی کی ۔