اسلام آباد، 11 جنوری (یو این آئی) پاکستان کی راجدھانی اسلام آباد میں ایک رہائشی عمارت میں گیس سلنڈر پھٹنے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے ، جن میں دلہا دلہن بھی شامل ہے ۔ اس حادثے میں 11 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن نے اتوار کو بتایا کہ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق آج علی الصبح تقریباً دو بجے ایک رہائشی عمارت میں ہوا، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ دھماکے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور اس سے آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ افسر کے مطابق، ”اب تک ملبے تلے سے 19 افراد کو بچایا گیا ہے اور زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔” ریسکیو افسران نے بتایا کہ دھماکے سے قریب کے کم از کم چار گھر متاثر ہوئے ہیں۔افسران کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ کا پتہ تفصیلی تحقیقات کے بعد ہی چل سکے گا۔ پاکستان سینیٹ کے چیئرمین یوسف رضا گیلانی نے شادی کے دوران پیش آئے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ”دل دہلا دینے والا” واقعہ قرار دیا، کیونکہ اس کے باعث ایک خاندان کی خوشیاں ماتم میں بدل گئیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا اور گیس سلنڈر کے بار بار ہونے والے دھماکوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل درآمد، قوانین کی پابندی یقینی بنانے اور ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے عوام میں بیداری بڑھانے کی اپیل کی۔
