اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز امارات کے حوالے کرنے کا فیصلہ

   

اسلام آباد ، 29 اگست (یو این آئی) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز متحدہ عرب امارات کے حوالے کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ، منتقلی حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) ماڈل کے تحت کی جائے گی۔ ڈان نیوز کے مطابق تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے بین الحکومتی کمرشیل ٹرانزیکشنز کا اجلاس ہوا، جس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے آپریشنز متحدہ عرب امارات کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ ایئرپورٹ آپریشنز کی منتقلی حکومت سے حکومت (جی ٹو جی) ماڈل کے تحت کی جائے گی، اس مقصد کیلئے ایک مذاکراتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی سربراہی وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری کریں گے ۔
جبکہ وزارتِ دفاع، وزارتِ خزانہ، وزارتِ قانون و انصاف اور وزارتِ نجکاری کے نمائندے ٹیم کا حصہ ہوں گے ۔ یہ ٹیم متحدہ عرب امارات کے ساتھ معاہدے کی شرائط طے کرے گی۔ حکام کا کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان کی معاشی بحالی کی حکمتِ عملی کا حصہ ہے ، جس کے تحت غیر ملکی شراکت داروں کو شامل کرکے سرکاری اداروں کی استعداد کار بڑھانے ، نقصان کم کرنے اور جدید سہولتیں فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، اس سلسلے میں دیگر بڑے ایئرپورٹس کو بھی آؤٹ سورس کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ 2018 میں افتتاح کے بعد سے مالی مشکلات اور انتظامی مسائل کا شکار رہا ہے ، حکام کا ماننا ہے کہ یو اے ای کے ساتھ جی ٹو جی ماڈل کے تحت شراکت داری سے مسافروں کو بہتر سہولتیں ملیں گی، عالمی معیار کی مہارت آئے گی اور پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔ اجلاس میں وزیرِ پٹرولیم، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر حکام نے بھی شرکت کی۔