اسلام آباد ۔ 11 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ایرپورٹ پر ایک 70 سالہ امریکی خاتون نے اس وقت زمین پر بیٹھ کر دھرنا دے دیا جب حکام نے ا نہیں مبینہ طور پر دوبارہ امریکہ بھیجنے کی کوشش کی ۔ اطلاعات کے مطابق مذکورہ امریکی خاتون پی آئی اے کے طیارہ سے برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے پا کستان پہنچی تھیں ۔ وہیل چیر پر بیٹھی ہوئی اس خاتون کو مبینہ طور پر پاکستانی حکام نے بلیک لسٹ کیا تھا اور اسی بنیاد پر جب انہیں واپس بھیجنے کی کارروائی شروع کی تو انہوں نے شور و غل شروع کردیا اور زمین پر بیٹھ گئیں۔ اس واقعہ کی اطلاع فوری طور پر امریکی سفارت خانہ کو دی گئی اور اس معاملہ کی یکسوئی کیلئے وہاں کا اسٹاف ایرپورٹ پہنچ گیا ۔ خاتون کے پاسپورٹ کے مطابق ان کی پیدائش واشنگٹن میں ہوئی تھی۔ البتہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ انہیں بلیک لسٹ کیوں کیا گیا۔
