اسلام آباد :ہندوستانی سفارتکار کے گھر برقی کٹوتی

   

نئی دہلی 31 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہراسانی کے ایک اور واقعہ میں اسلام آباد میں ایک ہندوستانی سفارتکار کی قیامگاہ کی برقی تقریبا چار گھنٹوں تک کیلئے منقطع کردی گئی تھی ۔ یہ واقعہ گذشتہ منگل کا ہے جس کے بعد ہندوستانی ہائی کمیشن نے یہ مسئلہ پاکستانی وزارت خارجہ سے رجوع کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ ایک نوٹ حوالے کرتے ہوئے ہندوستانی ہائی کمیشن نے پاکستانی وزارت خارجہ کو مطلع کیا کہ سفارتی عہدیدار سکنڈ سکریٹری کی قیامگاہ پر برقی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا ۔ کمیشن کا خیال ہے کہ برقی سربراہی عمدا روکی گئی تھی ۔ ایک علیحدہ مکتوب روانہ کرتے ہوئے سفارتکار کی قیامگاہ پر 21 ڈسمبر کو بھی برقی منقطع کئے جانے سے واقف کروایا گیا تھا ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے پاکستان سے درخواست کی ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اس طرح کے واقعات کا مستقبل میں اعادہ نہ ہونے پائے ۔ کہا گیا ہے کہ سفارتکار کی قیامگاہ واقع اسٹریٹ نمبر 18 سیکٹر F-7/2 اسلام آباد میں صبح سات بجے سے دن میں 10.45 بجے تک برقی سربراہی منقطع رہی تھی ۔ ہندوستانی ہائی کمیشن نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے سفارتکار کے افراد خاندان کو کافی مشکلات پیش آتی ہیں۔