اسلام آباد میں امارات کے سفیر کی شہباز شریف سے ملاقات

   

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پرعزم ہے،متحدہ عرب امارات مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور سرمایہ کاری کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعبی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے یو اے ای کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان بھر میں حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی اور سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لئے حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ اس سلسلے میں وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے فراہم کی جانے والی امداد اور اس حوالے سے فضائی راہداری کے قیام پر اظہار تشکر کیا۔