اسلام آباد میں سعودی سفیر کی پاکستانی صدر سے ملاقات

   

اسلام آباد : پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب زدگان کی مدد پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اور حکومت سیلاب جیسے مشکل وقت میں سعودی عرب کی طرف سے فراہم کی جانے والی امداد کو دل کی گہرائیوں سے سراہتی ہے۔سرکاری خبر رساں ادارے ’’اے پی پی‘‘ کے مطابق جمعہ کو پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر علوی نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، پاک سعودی تعلقات مشترکہ مذہب، اقدار اور ثقافت سے جڑے ہیں۔صدر مملکت نے سیلاب متاثرین کو امداد پہنچانے کے لیے فضائی پل فراہم کرنے میں سعودی عرب کی مدد کی بھی تعریف کی۔