ویسٹرن ہاسپٹل کے زیر اہتمام ’ پیس فاونڈیشن ‘ کا افتتاح ۔ ریاستی وزیر محمد اظہر الدین ‘ محمد علی شبیر ‘ عامر علی خان و محمود محمود علی کا خطاب
حیدرآباد 14 مارچ ( کے این واصف ) رمضان میں روزے کے ذریعہ جس طرح آپ نے جسم کو منظّم کیا اس سلسلہ کو جاری رکھیں۔ صحت کے سارے مسائل مسلسل مقّوی اور غیر متوازن غذاؤں سے پیدا ہوتے ہیں۔ اپنے کھانے پینے کے اوقات اور شیڈول کو منظّم کریں۔ اپنی صحت سے متعلق گوگل سے نہیں ڈاکٹرز سے مشورہ کرین۔ ان خیالات کا اظہار محمد اظہرالدین، وزیر برائے اقلیتی بہبود نے کیا۔ وہ ویسٹرن ہاسپٹل کے تحت Peace Foundation کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے۔ جناب اظہرالدین نے ویسٹرن ہاسپیٹل کے ڈاکٹرز کو مبارکباد دی اور فاؤنڈیشن کے قیام کی ستائش کی جس کے ذریعہ غریب اور مستحق افراد کے علاج میں مدد کی جائے گی۔ انھون نے تیقن دیا کہ وہ فاؤنڈیشن کے ساتھ شخصی طور پر اور حکومت کی سطح پر ہر ممکن تعاون کرین گے۔ ابتدا میں میڈیکل ڈائرکٹر ڈاکٹر سید شاہ علی حسینی نے استقبال کیا اور ڈاکٹر جی ایم فیصل نے فاونڈیشن کے اغراض و مقاصد سے واقف کرایا۔ سابق ڈپٹی چیف مسٹر محمد محمود علی نے پیس فاؤڈیشن کے قیام پر ویسٹرن ہاسپٹل کے انتظامیہ کو مبارکباد دی۔ مشیر حکومت جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ اس طرح کے فلاحی فاؤنڈیشن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انھون نے کہا کہ اچھے دواخانوں میں علاج مہنگا ترین خرچ ہے۔ عام لوگوں کے پاس میڈیکل انشورنس نہیں ہوتا۔ اچانک بیماری پر عام آدمی کے پاس بھاری رقم کا انتظام ممکن نہیں ہوتا لہٰذا اس قسم کے فاؤنڈیشن ایمرجنسی میں مددگار ہوسکتے ہیں۔ انھوں نے اپنی جانب سے فاونڈیشن کیلئے پانچ لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ نیوز ایڈیٹر رونامہ سیاست جناب عامر علی خان نے کہا کہ اسلام ایک سائنٹفک مذہب ہے۔ قرآن اور دین اسلام نے ہمیں ایک مکمل ضابطہ حیات عطا کیاہے جس میں کھانے پینے کے اوقات و مقدار کا تعین بھی شامل ہے۔ اور متعین اوقات پر نماز ادا کرنا ایک ڈسپلن زندگی بسر کرنے کا سبق دیتی ہے۔ غیر متوازن غذائیں، فطرت کے تقاضوں کے خلاف سونے اور جاگنے کے طریقے اختیار کرنا بیماریوں کو دعوت دیتے ہیں۔ عامر علی خان نے موقع پر فاونڈیشن کیلئے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپئے عطیہ کا اعلان بھی کیا۔ اس موقع پر ویسٹرن ہاسپیٹل کے ڈاکٹر اکبر، ڈاکٹر جی ایم فیصل اور ڈاکٹر متین نے بھی مخاطب کیا اور پیس فاونڈیشن کے مقصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جب کوئی مریض ایمرجنسی صورتحال میں اسپتال لایا جاتا ہے تو مریض کیلئے ابتدائی لمحات بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔ پیسہ جمع کروانا اور دیگر امور کی تکمیل میں وقت ضائع ہوتو مریض کا نقصان ہوتاہے۔ فاؤنڈیشن سے مدد کی ضمانت حاصل رہے تو بروقت علاج شروع ہوتا ہے اور مریض نقصان سے محفوظ ہوجاتا ہے۔ مہمانان اعزازی میں چیرمین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی اور ریڈہلز کاپوریٹر محمد عارف رضوان بھی شریک محفل رہے۔ آخر میں ہاسپیٹل کی جانب سے مہمانان کو تہنیت پیش کی گئی اور ڈاکٹر سید شاہ علی حسینی کے ہدیہ تشکر پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔