جمعہ میں خطیب حضرات دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کریں۔ امن کیلئے دعاء کی اپیل، آئی ایم سی آر دہلی میں تعزیتی نشست
حیدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) مذہب اسلام میں دہشت گردی اور تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی اسلامی تعلیمات اس کی اجازت دیتی ہیں کہ کسی بے قصور کی جان لی جائے ۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق ایک بے قصور کا قتل ساری انسانیت کا قتل ہے۔آئی ایم سی آر کے صدر دفتر میں ایک تعزیتی نشست کے دوران ان خیالات کا اظہار کیاگیا۔ مولانا فضل الرحمن مجددی جنرل سیکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ کی موجودگی اور جناب محمد ادیب سابق ایم پی و صدرنشین آل انڈیا مسلم سیول رائٹس کی زیر صدارت دہلی میں اس تعزیتی اجلاس کے شرکاء نے ان خیالات کا اظہار کیا اور پہلگام حملہ کی مذمت کرکے آئمہ و خطباء سے اپیل کی کہ وہ خطبہ جمعہ میں پہلگام دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کریں اور متاثرین سے اظہار یگانگت کریں ۔ ملک میں قومی یکجہتی کیلئے خصوصی دعاء کریں۔جناب محمد ادیب نے کہا کہ یہ وقت مہلوکین کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے اورجو باتیں کہی جارہی ہیں کہ حملہ آوروں نے مہلوکین کو قتل سے قبل کلمہ پڑھنے کیلئے مجبور کیا تو یہ قابل قبول نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ جو لوگ یہ باتیں پھیلارہے ہیں وہ سناتنی کہلانے کے قابل نہیں ہیں اور جو حملہ آور ہیں وہ مسلمان نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مذہب اسلام بے قصوروں کے قتل کی تعلیم نہیں دیتا اور نہ بزدلانہ حملوں کی اجازت دیتا ہے۔ اجلاس میںمولانا فضل الرحیم مجددی جنرل سیکریٹری مسلم پرسنل لاء بورڈ‘ قومی جنرل سیکریٹری اسوسیشن فار پروٹیکشن آف سیول رائٹس جناب ندیم خان ‘ماہر قانون جناب فضیل احمد ایوبی ‘ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل‘پروفیسر وپن کمار‘ محمد الیاس سیفی‘ محترمہ کنیز فاطمہ ‘ محترمہ شہلا خاتون‘ جناب اعجاز احمد ‘ صحافی عبدالباری مسعود و دیگر موجود تھے ۔ شرکاء نے آئمہ و خطیب حضرات سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردانہ کارروائی کی مذمت کے علاوہ اسلام کے پیغام امن کے متعلق بیان کریں تاکہ عوام بالخصوص دیگر ابنائے وطن میں شبہات کا ازالہ کیا جاسکے ۔ اجلاس میں فرقہ پرستوں کی منافرت پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کرکے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ پہلگام حملہ کو فرقہ وارانہ نوعیت کا رنگ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اور امن و امان یقینی بنایا جائے ۔ سرکردہ شخصیات نے ہندوتوا تنظیموں اور برسر اقتدار قائدین کی زہرافشانی پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ناپاک عزائم کو ناکام بنانے 25 اپریل جمعہ کو تمام مساجد میں دہشت گردانہ حملہ کی مذمت کرکے بزدلانہ حملوں کے متعلق اسلامی تعلیمات کو عام کیا جائے اور ملک میں امن و امان کیلئے دعاء کی جائے ۔ جناب عامر علی خان ایم ایل سی نے تلنگانہ و آندھراپردیش کے آئمہ و خطباء سے اپیل کی کہ وہ پہلگام حملہ کی مذمت کریں اور امن وامان کیلئے دعاء کریں۔ 3