پہاڑی شریف ورنگل میں عرس تقریب سے مقررین کا خطاب، قومی یکجہتی کی ستائش
ورنگل ۔/24جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )پیڑی پلی پہاڑی شریف ورنگل میں حضرت سید نور الدین قادری بابا ؒ کے عرس تقاریب کا کامیاب انعقاد عمل میں لایا گیا ۔متولی جناب انکوش کی نگرانی میں تمام امور انجام دیئے گئے ۔رات 11بجے او سٹی ورنگل سے ریالی کے ساتھ مختلف علاقوں میں گشت کرتا ہوا صندل شریف و درگاہ پہنچا ۔دوسرے دن عرس شریف کا اہتمام کیا گیا ۔پروگرام میں تحصیل دار ورنگل جناب محمد اقبال اور اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ورنگل بونالہ کشن نے خصوصیت کے ساتھ شرکت کی۔اس موقع پر متولی انکوش نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل آوری کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوںنے نوجوانوں سے نمازوں کی پابندی اور صدقہ کرنے کی تلقین کی ۔انہوںنے کہاکہ جب تک ہم اسلام پر قائم رہیں گے ہمارا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا ۔ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام کر رسول ﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کریں ۔جناب محمد اقبال تحصیلدار ورنگل اور اے سی پی بونالہ کشن نے کہاکہ ورنگل ہمیشہ سے ایک پر امن شہر رہا ہے ۔یہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر تہوار مناتے ہیں اور ایک دوسرے کے مذاہب کا احترام کرتے ہیں ۔انہوںنے اس بات کو خوش آئند قرار دیا کہ اس عرس تقاریب میں تمام مذاہب کے لوگ شرکت کئے ہیں ۔اس موقع پر فقراء نے مظاہرہ پیش کیا اور قوالی کا اہتمام کیا گیا ۔دو دن بھی زائرین کے لئے لنگر کا اہتمام کیا گیا ۔اس موقع پر زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔