ٹاملناڈو کی عصمت مُبینہ اور تلنگانہ کے امولیہ کو بالترتیب دوسرا اور تیسرا مقام
نئی دہلی۔ ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران طلباء اور نوجوانوں کو تعمیری سرگرمیوں میں مشغول کرنے کیلئے دلوں کو جوڑنے کے نظریہ کے ساتھ آل انڈیا آن لائن مقابلہ کا اہتمام کیا گیا۔ اسلام کو سمجھنے کے تئیں کتاب پر دلوں کو جوڑنے کے نظریہ کے ساتھ اس مقابلے میں 12,000 سے زائد طلباء اور نوجوانوں نے حصہ لیا جن کی عمریں 18 اور 30 سال کے درمیان تھیں۔ یہ اوپن بک مقابلہ تھا۔ جس معروف کتاب پر یہ مقابلہ منعقد کیا گیا تھا، اس میں اسلامی عقائد اور اسلام کا جامع تعارف پیش کیا گیا۔ اس مقابلے کیلئے ملک بھر سے طلبہ اور نوجوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ حال ہی میں مقابلہ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ مقابلے کے کنوینر برادر سبیر سی نے بتایا کہ تمام مذاہب اور عقائد کے طلبہ اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں اس مقابلے میں حصہ لیا جس سے ہمارے وطن عزیز کی کثرت میں وحدت کا حقیقی اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کی جانب سے اس کا اہتمام کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سطح پر تین انعامات اور 10 ترغیبی انعامات کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ تین انعامات ریاستی سطح پر دیئے گئے ۔ مغربی بنگال کے راجو گھوش قومی سطح پر پہلا انعام حاصل کیا۔ ٹاملناڈو سے تعلق رکھنے والی عصمت مُبینہ ایس اور تلنگانہ کے امولیہ نے بالترتیب دوسرا اور تیسرا انعام حاصل کیا۔ ایس آئی او نے تمام انعام جیتنے والوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے باہمی پیار و محبت، ایک دوسرے کیلئے عزت و احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے علاوہ بھائی چارہ کو ملک میں فروغ حاصل ہوگا۔
