ایس آئی او کی راؤنڈ ٹیبل کانفرنس، مختلف مکاتب فکر کے علماء کی شرکت، تلگو میں بخاری شریف کی اجرائی
حیدرآباد۔ ملک کے موجودہ حالات میں اسلام کے پیام انسانیت اور امن کو دیگر ابنائے وطن میں عام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہر مسلمان کو دعوت دین کی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی تاکہ دیگر ابنائے وطن کو اسلام کے دامن میں لایا جاسکے اور معاشرہ میں اسلام اور مسلمانوں سے متعلق پھیلی غلط فہمیوں کو دور کیا جائے۔ مسلمانوں کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور مذہبی شخصیتوں نے آج اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کی جانب سے منعقدہ راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ اجلاس کا عنوان ’’ مسلم ہیں تو دعوت دیں ‘‘ رکھا گیا تھا جس کے تحت ایس آئی او نے 22 مارچ تا 4 اپریل مہم کا آغاز کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی تلنگانہ مولانا حامد محمد خاں ، امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ، ڈاکٹر نثار حسین حیدر آغا صدر آل انڈیا شیعہ مجلس علماء و ذاکرین ، مولانا سید تقی رضا عابدی صدر تنظیم جعفریہ، ڈاکٹر سراج الرحمن فاروقی خطیب جامع مسجد پائیگاہ، مولانا سید شاہ فضل اللہ موسوی قادری سجادہ نشین درگاہ حضرت سید شاہ موسیٰ قادری، مفتی زبیر احمد سکریٹری جمعیۃ العلماء تلنگانہ، مولانا سید آصف عمری صدر جمعیت اہلحدیث تلنگانہ، جناب ضیاء الدین نیر سکریٹری تعمیر ملت، مفتی خلیل احمد ندوی صدر نشین صمدانی ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس، مفتی معراج الدین ابرار ناظم مدرسہ انوارالہدیٰ کے علاوہ ایس آئی او کے ریاستی صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین، سکریٹری رابطہ عامہ جماعت اسلامی جناب محمد اظہر الدین اور دوسروں نے شرکت کی۔ جناب حامد محمد خاں نے کہا کہ مسلمان بنیادی طور پر داعی ہیں، دعوت کا کام ہر مسلمان کا بنیادی فریضہ ہے اور یہ فرض کفایہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو گفتار، کردار، عمل اور افعال کے ذریعہ دین کا کام انجام دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ہیں تو دعوت دو کی مہم کا مقصد ہر مسلمان کو دعوت دین کی اہمیت سے اُجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کے تمام مسائل کا حل ہر دور میں دعوت دین رہا ہے۔ آر ایس ایس، بی جے پی اور دیگر انتہا پسند تنظیموں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں انہیں اللہ اور اس کے رسول ؐ کے پیام سے واقف کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے عمل سے اسلام کا نمونہ پیش کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ مسالک اہم نہیں بلکہ مقصد اہم ہے۔ مسالک سے بلند ہوکر ہمیں یہ کام انجام دینا ہوگا۔ اسلام کے بارے میں معلومات کی کمی کے سبب اسلامو فوبیا کا اغیار شکار ہیں۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے کہا کہ آج کے دور میں اسلام سے متعلق حقائق دوسروں تک پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین کی دعوت کا کام ہمیں پہلے اپنے گھروں سے شروع کرنا چاہیئے۔ مسلم معاشرہ میں سیرت محمدی ؐ کا عملی طور پر کوئی مظاہرہ نہیں ہے جس کے نتیجہ میں اغیار اسلام سے قریب نہیں ہورہے ہیں۔ ہر مسلمان کو اپنے گھروں میں دین اسلام کو داخل کرنا چاہیئے اور اپنی نسلوں کو دین سے وابستہ کریں۔ مسلمانوں کے کردار سے اغیار اسلام کے قریب آسکتے ہیں۔ انہوں نے دیگر ابنائے وطن میں قرآن اور حدیث کے تلگو کتابوں کو عام کرنے کا مشورہ دیا۔ ڈاکٹر نثار حسین حیدرآغا نے کہا کہ منظم انداز میں ہمیں دعوت دین کا کام انجام دینا چاہیئے۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کا مقابلہ مسالک سے اُٹھ کر کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر بخاری شریف کے تلگو ترجمہ کی تیسری جلد کی رسم اجراانجام دی گئی۔ تلگو اسلامک پبلکیشن کے ذریعہ اب تک 350 سے زائد کتابیں شائع کی جاچکی ہیں۔