تہران : ایرانی عدلیہ نے کہا ہے کہ ایران نے ابھی تک تہران میں حماس کے سربراہ اسمٰعیل ھنیہ کے قتل سے منسلک کوئی گرفتاری نہیں کی ہے۔ایرانی عدلیہ کے ترجمان اصغر جہانگیر نے کہا کہ اہم تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور تفتیش مکمل ہوتے ہی نتائج کا اعلان کر دیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ آج تک اس کیس کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے، ایرانی فوجی حکام تحقیقات میں شامل ہیں۔ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے کہا کہ اسمٰعیل ہنیہ کو تہران میں ان کی رہائش گاہ کے باہر سے داغے گئے مختصر فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے ذریعے ہلاک کیا گیا۔یاد رہے کہ ایران اور حماس نے اسرائیل پر الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ اسرائیل نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کو جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایران نے اسمعیل ہنیہ کے قتل کے سلسلے میں 2 درجن سے زائد افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں خفیہ ایجنسی کے اعلی افسران بھی شامل ہیں۔