اسماعیل ہنیہ قاہرہ پہنچ گئے،مصری انٹیلی جنس کے سربراہ سے ملاقات

,

   

قاہرہ:حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ قاہرہ پہنچ گئے جہاں وہ غزہ میں ممکنہ جنگ بندی اور قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے مصری انٹیلی جنس کے سربراہ عباس کامل سے ملاقات کریں گے۔حماس کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسماعیل ہنیہ مصری حکام سے غزہ کی جنگ میں پیشرفت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ایرانی میڈیا کے مطابق، دوحہ سے روانگی سے قبل، ہنیہ نے ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات بھی کی۔ اسلامی جہاد کے ایک ذریعے نے ایجنسی فرانس پریس کو بتایا کہ اسلامی جہاد کے سیکرٹری جنرل زیاد النخالہ کی سربراہی میں ایک وفد مصری دعوت پر اگلے ہفتے کے اوائل میں قاہرہ جائے گا، جس کا مقصد جنگ بندی کے حوالے سے کسی معاہدے تک پہنچنا ہے۔Axios نامی نیوز ویب سائٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے گزشتہ معاہدوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا جس کے تحت اسرائیلی حکام کے مطابق حماس نے 105 قیدیوں کو رہا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اس بار معاہدے کی شرائط پر اتفاق کرنا زیادہ مشکل ہوگا۔حالیہ دنوں میں حماس کے کئی عہدیداروں نے کہا کہ وہ قیدیوں کے تبادلے کے نئے معاہدے پر مذاکرات اس وقت تک دوبارہ شروع نہیں کریں گے جب تک اسرائیل غزہ کی پٹی میں اپنی فوجی کارروائی کو روک نہیں دیتا۔