کورسیس اور دیگر امور کی تکمیل کی ہدایت ، چیف منسٹر کا وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔19جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ 23 جولائی سے شروع ہونے والے اسمبلی اجلاس کے دوران ریاست میں نئی اسکل یونیورسٹی کے قیام کے متعلق بل پیش کرتے ہوئے اسے منظور کروائے گی۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے آج ڈپٹی چیف منسٹرو ریاستی وزیر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے دوران یہ بات کہی ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت نے اسکل یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں جو منصوبہ تیار کیا ہے اس کے بل کا مسودہ فوری طور پر تیار کیا جائے ۔چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اسکل یونیورسٹی کے کورسس اور دیگر امور کے علاوہ یونیورسٹی کے آرگنائزیشن چارٹ کی تیاری کے اقدامات کو فوری طور پر مکمل کریں۔ عہدیداروں نے اجلاس کے دوران چیف منسٹر کو بتایا کہ نئی اسکل یونیورسٹی کے قیام کے سلسلہ میں حکومت کے منصوبہ پر عمل آوری کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ یونیورسٹی میں کورسس کے آغاز اور سرٹیفیکیٹ کورس کے علاوہ ڈپلوما کورس کی تیاری کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ اسکل یونیورسٹی میں ایسے کورسس روشناس کروانے کے اقدامات کریں جن کی بازار میں مانگ زیادہ ہے۔انہوں نے عہدیدار وںکو مشورہ دیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی اس یونیورسٹی کو دہلی اور ہریانہ میں موجود اسکل یونیورسٹی کے طرز پر قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے اور ایسے پروگرامس تیار کئے جائیں کہ یونیورسٹی پروگرام میں حصہ لینے کے بعد فارغین کو فوری طور پر ملازمت حاصل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کورسس کی تیاری سے قبل خانگی کمپنیوں اور مارکٹ میں جن کورسس کی مانگ ہے اس کے متعلق آگہی حاصل کرنے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ اسکل یونیورسٹی میں ایسے ہی کورسس روشناس کروائے جائیں جن کورسس کی تعلیم و تربیت حاصل کرنے کے بعد طلبہ فوری طور پر روزگار حاصل کرسکیں۔ چیف منسٹر نے روزگار سے مربوط کورسس کے آغاز کے سلسلہ میں عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ خانگی کمپنیو ں میں مانگ کا جائزہ لینے کے بعد کورس کو قطعیت دینے کے اقدامات کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اسکل یونیورسٹی کے لئے ریاستی حکومت کی جانب سے فنڈس کی فراہمی میں کوئی مفاہمت نہیں کی جائے گی اور درکار فنڈس کی اجرائی کے سلسلہ میں ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے اجلاس میں موجود عہدیدارو ںاور ذمہ داروں کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ اسمبلی اجلاس کے دوران اسکل یونیورسٹی بل منظور کرواتے ہوئے یونیورسٹی کے قیام کی راہ ہموار کی جائے گی۔3