حیدرآباد: آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی کا بجٹ اجلاس آج امراوتی میں منعقد ہوا۔ چیف منسٹر جگن موہن ریڈی اور کئی وزراء ماسک کے بغیر شریک ہوئے۔ الیکٹرانک میڈیا اور سوشیل میڈیا پر اجلاس کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں جس میں چیف منسٹر اور کئی وزراء کو ماسک کے بغیر دکھایا گیا ہے ۔ اپوزیشن اور جہد کاروں نے کووڈ قواعد کی خلاف ورزی پر سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا ہیکہ چیف منسٹر اور وزراء کو قواعد کے سلسلہ میں عوام کیلئے مثال پیش کرنی چاہئے ۔ چیف منسٹر اور وزراء خود خلاف ورزی کریں تو عوام کس طرح پابندی کرینگے ۔ برسر اقتدار پارٹی نے اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جبکہ تلگو دیشم رکن کونسل نارا لوکیش نے چیف منسٹر اور وزراء پر سخت نکتہ چینی کی ۔ تلگو دیشم نے اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کیا لیکن پارٹی جنرل سکریٹری نارا لوکیش نے ٹوئیٹر پر چیف منسٹر کی تصویر شیئر کرکے ماسک کے عدم استعمال پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ماسک کے استعمال کی ترغیب دینے حکومت نے کروڑہا روپئے اشتہارات پر خرچ کئے لیکن خود چیف منسٹر قواعد خلاف ورزی کر رہے ہیں۔