سماجی فاصلے سے نشستوں کا انتظام، پرسنل اسٹاف اور وزیٹرس کے داخلے پر پابندی، پولیس اور دیگر عملے کا بھی کورونا ٹسٹ
حیدرآباد۔ تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں 7 ستمبر سے شروع ہونے والے اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی اور وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی کے ہمراہ اسپیکر نے پولیس، ٹریفک، لیجسلیچر اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ کووڈ 19 گائیڈ لائنس کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس کورونا کی صورتحال کے درمیان منعقد ہورہا ہے لہٰذا ارکان اسمبلی کی صحت کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کے نتیجہ میں ریاست میں کورونا پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا۔ کیسس اور اموات کی تعداد میں کمی ہوئی اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی کو آنے والے تمام ارکان کے علاوہ اسٹاف، میڈیا اور پولیس میں ہر ایک کو کورونا کا ٹسٹ لازمی رہے گا۔ وزراء، ارکان مقننہ اور دوسرے اپنے ساتھ کووڈ ٹسٹ کی رپورٹ رکھیں۔ اسپیکر نے کہا کہ جن کی رپورٹ مثبت آئی ہے انہیں چاہئے کہ وہ اسمبلی آنے سے گریز کریں۔ اگر ایسے افراد اسمبلی آتے ہیں تو انہیں واپس کردیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ارکان اسمبلی جی بالراجو اور جوگو رامنا نے اسمبلی کے احاطہ میں اپنا ٹسٹ کروایا ہے۔ اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان اسمبلی اور کونسل کو اپنے آبائی مقامات پر کورونا کا ٹسٹ کروانا چاہئے۔ اسمبلی کے احاطہ میں کورونا ٹسٹ کا انتظام کیا گیا ہے جس سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
ارکان اسمبلی کے پرسنل اسٹاف کو اسمبلی احاطہ میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔ وزراء کے پی ایس، پی اے احاطہ اسمبلی میں آسکتے ہیں۔ اگر کسی کو بخار ہو تو اس کا مطلب وہ کورونا کی ابتدائی علامات میں ہیں۔ اسمبلی ہال میں داخل ہونے سے قبل ہر رکن کے حرارت کی جانچ کی جائے گی۔ ایوان میں ایک نشست پر صرف ایک رکن کو بیٹھنے کی اجازت رہے گی تاکہ سماجی فاصلہ برقرار رہے۔ ہر دو ارکان کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا گیا ہے۔ اجلاس کے آغاز اور اختتام کے بعد ہال کو سانیٹائز کیا جائے گا۔ اسپیکر نے کہا کہ ارکان کے لیے ماسک کا انتظام کیا جائے گا اور ماسک کے بغیر داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا رپورٹ کے منفی آنے کے باوجود اگر کسی میں بخار، کھانسی، دست کی صورت میں ارکان کو ایوان آنے سے گریز کرنا چاہئے۔ ارکان سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے رشتہ داروں کو اسمبلی نہ لائیں۔ ارکان اسمبلی اور کونسل کو کورونا ٹسٹ کٹس فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آکسی میٹر میں 90 سے کم سطح کا آنا تشویش کا باعث ہے۔ اجلاس میں وزیٹرس کو داخلے کی اجازت نہیں رہے گی۔ وزیٹرس کی نشستیں میڈیا کے لیے الاٹ کی گئی ہیں جن کے لیے سماجی فاصلے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اسمبلی اجلاس کے دوران میڈیا پوائنٹ نہیں رہے گا۔ دونوں ایوانوں میں ڈاکٹرس کی خدمات حاصل کی گئیں۔ اسپیکر نے اسمبلی اجلاس کے دوران اطراف و اکناف میں تحدیدات امن و ضبط کی صورتحال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں چیف وہپ بی وینکٹیشورلو، اسمبلی میں چیف وہپ ونئے بھاسکر، لیجسلیٹیو سکریٹری وی نرسمہا چاریولو نے شرکت کی۔ اسپیکر نے کہا کہ اجلاس 20 دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔ اسمبلی اور کونسل میں ارکان کے لیے خصوصی ڈیاگناسیس سنٹر قائم کیا جائے گا۔ دونوں ایوانوں کے ارکان کے لیے تھرمل اسکریننگ ریاپڈ ٹسٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ڈاکٹرس کے علاوہ دو ایمبولنسوں کو کسی بھی صورتحال کے لیے تیار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ارکان اسمبلی، ارکان کونسل، اسمبلی کا عملہ، میڈیا کے نمائندے، وزراء کا اسٹاف اور اسمبلی مارشلس کے لیے 6 ستمبر تک کورونا ٹسٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ حیدرآباد میں رہنے والے ارکان احاطہ اسمبلی میں موجود ٹسٹنگ سنٹر سے رجوع ہوسکتے ہیں۔ جبکہ اضلاع کے ارکان اپنے متعلقہ ضلع میں ٹسٹ کرواسکتے ہیں۔ اس موقع پر اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین قانون ساز کونسل نے اپنا کورونا ٹسٹ کروایا۔