اسمبلی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا،چیف سکریٹری کی عہدیداروں کو ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) چیف سکریٹری شانتی کماری نے 23 جولائی سے شروع ہونے والے اسمبلی بجٹ سیشن کے پیش نظر مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ہنگامی اجلاس طلب کیا۔ اسمبلی اجلاس کے دوران ارکان اسمبلی کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کے تشفی بخش جوابات دینے کیلئے تمام تفصیلات اکٹھا کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بجٹ سیشن کے دوران مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیدار ایک دوسرے سے رابطہ اور تال میل برقرار رکھتے ہوئے خدمات انجام دیں اور لازمی طور پر تمام سیشنس کے دوران اسمبلی میں موجود رہے۔ پرنسپل سکریٹری محکمہ فینانس رام کرشنا راؤ نے کہا کہ 25 جولائی کو اسمبلی میں بجٹ پیش کیا جائے گا مابعد کے دنوں میں مختلف محکمہ جات کے مطالبات زر پر مباحث ہوں گے۔ نوٹ ان ڈیمانڈ تیار کرتے ہوئے ہر سوال کا جواب دینے کیلئے مکمل تیاری کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ اس اجلاس میں مختلف محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز، سکریٹریز، سندیپ کمار سلطانیہ، نوین متل، شیلجہ راماایئر، رگھونندن راؤ، بی پرکاش جیوتی، وی کرونا، لوکیش کمار، سی آئی پی آر ہنمنت راؤ اور دوسرے عہدیدار موجود تھے۔