تین ریاستوں میں پارٹی کو شکست لیکن عوام کا ساتھ چھوٹا نہیں ‘ ووٹ شیئر میں معمولی کمی : جئے رام رمیش
نئی دہلی : کانگریس پارٹی کا ماننا ہے کہ اسمبلی انتخاب میں انھیں شکست ضرور ملی ہے لیکن عوام کا ساتھ ان سے چھوٹا نہیں ہے۔مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ اسمبلی انتخاب کے نتائج کانگریس کی امیدوں کے مطابق نہیں رہے لیکن عوام نے پارٹی کو پوری طرح نظرانداز بھی نہیں کیا ہے۔ حالانکہ تلنگانہ میں پارٹی کو بڑی جیت ملی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج برآمد ہونے کے ایک دن بعد پیر کے روز کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ تین ریاستوںمیں پارٹی کا مظاہرہ مایوس کن رہا، لیکن پارٹی کا ووٹ شیئر کافی حد تک ٹھیک رہا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ یہ سچ ہے کہ چھتیس گڑھ، مدھیہ پردیش اور راجستھان میں انڈین نیشنل کانگریس کی کارکردگی مایوس کن اور امیدوں سے کافی کم رہی لیکن ووٹ شیئر کے معاملے میں بی جے پی سے کانگریس بہت پیچھے نہیں ہے۔ یہی امید اور بحالی کی وجہ ہے۔چھتیس گڑھ کے ووٹ شیئر کو پیش کرتے ہوئے جئے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی کو 46.3 فیصد ووٹ شیئر ملے جبکہ کانگریس کو 42.2 فیصد ووٹ شیئر ملے۔ انھوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں بی جے پی کو 48.6 فیصد ووٹ شیئر ملا جبکہ کانگریس کو 40.4 فیصد ووٹ شیئر ملے۔ اسی طرح راجستھان میں بی جے پی کو 41.7 فیصد ووٹ ملے جبکہ ملک کی سب سے پرانی پارٹی (کانگریس) کو 39.5 فیصد ووٹ ملے۔اس سے قبل جئے رام رمیش نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان میں پارٹی کی شکست کے بعد اتوار کو کہا کہ 2003 میں بھی ان کی پارٹی کو اسی طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن 2004 کے لوک سبھا انتخاب میں وہ مرکز میں حکومت بنانے میں کامیاب رہی تھی۔حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو تین ریاستوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ اگرچہ مدھیہ پردیش میں اس کی حکومت نہیں تھی لیکن چھتیس گڑھ اور راجستھان میں کانگریس کے برسراقتدار ہونے کے باوجود شکست ہوئی ہے۔ راجستھان کی گیہلوٹ حکومت نے حالیہ عرصہ میں عوام کیلئے کئی فلاحی اور ترقیاتی اسکیموں کا آغاز بھی کیا تھا لیکن پارٹی کو الیکشن میں ناکامی ہوئی۔دوسری طرف چھتیس گڑھ میں بھی بھوپیش بگھیل حکومت نے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کی امید کا اظہار کیا تھا لیکن بی جے پی کے مقابل اس کو شکست سے دوچار ہونا پڑا ۔جنوبی ہند میں کانگریس نے تلنگانہ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے دو میعادوں سے برسر اقتدار بھارت راشٹر سمیتی کو بڑے فرق سے شکست دی ہے ۔
