اسمبلی انتخابات ‘ ایک نام ‘ کئی امیدوار !!

   

حیدرآباد 18 نومبر ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں 30 نومبر کو ہونے والے چناؤ میں ووٹرس کو پولنگ بوتھ پہونچنے پر عجیب صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے کیونکہ کچھ حلقوں میں ایک نام کے کئی امیدوار میدان میں ہیں۔ ایل بی نگر حلقہ میں موجودہ رکن اسمبلی ڈی سدھیر ریڈی میدان میں ہیں۔ ان کے علاوہ ایک اور آزاد امیدوار ہے جس کا نام بھی ڈی سدھیر ریڈی ہے ۔ اس کے علاوہ سدھیر ریڈی کا پتہ تکگو گوڑہ درج ہے جو مہیشورم حلقہ میں آتا ہے ۔ یہاں ایک اور ڈی سدھیر ریڈی بھی میدان میں ہے ۔ وہ بھی آزاد امیدوار ہے ۔ بی جے پی امیدوار ساما ریڈی رنگا ریڈی کو بھی مشکل ہوسکتی تھی تاہم وہاں اسی نام کے دو امیدواروں نے اپنے پرچے واپس لے لئے ہیں۔ ایل بی نگر میں کانگریس امیدوار مدھو گوڑ یشکی کا نام مدھوسدن ہے ۔ یہاں ایک اور ایم مدھوسدن ریڈی آزاد امیدوار ہے ۔ مہیشورم میں موجودہ رکن اسمبلی سبیتا اندرا ریڈی بی آر ایس امیدوار ہیں۔ یہاں ایک اور خاتون سبیتا ایم نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے پرچہ داخل کیا ۔ یہاں جی سبیتا بھی ایک اور آزاد امیدوار ہے ۔ صنعت نگر میں رکن اسمبلی و بی آر ایس امیدوار ٹی سرینواس گوڑ کو بھی یہی مسئلہ ہے جہاں یو سرینواس اور اے سرینواس نام کے دو امیدواروں نے پرچے داخل کئے ہیں۔ اس طرح کے پرچہ جات عمدا داخل کئے ہوتے ہیں تاکہ رائے دہندوں کو الجھن کا شکار کیا جاسکے ۔ تاہم اس سے کوئی فرق پڑنے کی امید نہیں ہے کیونکہ جو لوگ نام پڑھ سکتے ہیں وہ الجھن کا شکار نہیں ہوتے اور بڑی جماعتوں کے امیدوار ووٹنگ مشین میں سر فہرست بھی ہوتے ہیں۔