اسمبلی انتخابات ‘ جاریہ ماہ کے اواخر میں بی آر ایس کی پہلی فہرست متوقع

   

ریاست کی بدلتی سیاسی صورتحال کے باعث فیصلہ ۔ کانگریس کی فہرست کا انتظار
حیدرآباد یکم جولائی (سیاست نیوز)تلنگانہ انتخابات کیلئے بی آر ایس امیدواروں کی فہرست جاریہ ماہ کے تیسرے ہفتہ میں جاری کردی جائے گی ۔ انتخابات کیلئے بی آر ایس ؤ کانگریس میں راست مقابلہ کو دیکھتے ہوئے بی آر ایس نے فیصلہ کیا ہے کہ کانگریس کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انتخابات کے اعلان سے قبل امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے تاکہ امیدواروں کو اپنے حلقہ کے ووٹرس تک پہنچنے اور ان سے ملاقات کا موقع ملے ۔ ذرائع کے مطابق کانگریس نے بھی انتخابات کیلئے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری ماہ کے تیسرے ہفتہ میں جاری کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے اور بیشتر نشستوں پر جہاں کوئی تنازعہ نہیں ہے اور امیدوارو ںکے مد مقابل کوئی دعویدار نہیں ہے ان حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے نام اعلان کردیئے جائیں گے اور انہیں عوام کے درمیان پہنچ کر انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت دی جائیگی۔ ریاست میں بی جے پی میں داخلی اختلافات کے دوران اب کانگریس اور بی آر ایس میں راست مقابلہ کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے جو کہ بی آر ایس کیلئے مشکل بن رہی ہے ۔ بی آر ایس کو یقین تھا کہ ریاست میں سہ رخی مقابلہ ہوگا لیکن کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی کے بعد جو تبدیلی آئی ہے وہ بی آر ایس کو اپنے منصوبوں میں تبدیلی کیلئے مجبور کرنے لگی ہے۔ کانگریس کو تلنگانہ میں استحکام اور کانگریس کی حکمت عملی کا بی آر ایس باریکی سے مشاہدہ کر رہی ہے ۔ موجودہ صورتحال نے کے سی آر کو قبل از وقت امیدواروں کی فہرست کی اجرائی پر مجبور کردیا ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ فہرست کی اجرائی کے ساتھ ہی کئی ارکان اسمبلی جنہیں ٹکٹ نہیں ملیگا وہ کانگریس میں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں ۔اسی لئے بی آر ایس میں جو فہرست تیار ہے اسے جاری کرنے کی بجائے کانگریس کی فہرست کی اجرائی کا انتظار کیا جا رہا ہے۔م