اسمبلی انتخابات سے قبل رائے دہندوں کو رجھانے ٹاملناڈو اور مغربی بنگال حکومتوں کی اسکیمات

   

نئی دہلی : الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک کی 5 ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی تواریخ کا اعلان کرنے سے تھوڑی دیر قبل ہی ٹاملناڈو اور مغربی بنگال کی حکومتوں نے رائے دہندوں کو رجھانے کیلئے لمحہ آخر میں فلاحی اسکیمات کا اعلان کیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے باعث ضابطہ اخلاق کا اطلاق ہوتا ہے اس لئے ان حکومتوں نے تواریخ کا اعلان کرنے سے قبل ہی اسکیمات پیش کردیں ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال نے کہا کہ ان کی حکومت نے روزانہ کے مزدوروں کی اجرت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ مجھے فخر ہوتا ہے کہ میں نے مغربی بنگال اربن ایمپلائیمنٹ اسکیم کے تحت مزدوروں کی اجرت میں اضافہ کیا ہے ۔ ان کی اجرت میں روزانہ 144 روپئے سے بڑھاکر 202 روپئے کردیا گیا ہے ۔ کم ماہر افراد کی روزانہ کی اجرت کو 172 سے بڑھاکر 303 کردیا گیا اور ماہر مزدوروں کو 404 روپئے ملیں گے ۔ اسی طرح ٹاملناڈو کے چیف منسٹر کے پلانائی سوامی نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت غریبوں اور کسان مزدوروں اور خواتین سیلف ہیلپ گروپ کی جانب سے زیورات کے عوض حاصل کردہ قرضوں میں راحت دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے غریب عوام اور کھیت مزدور روزانہ کئی مشکلات کا سامنا ادا کررہے ہیں ۔ انہیں قرضوں کی ادائیگی میں دشواریاں ہورہی ہیں ۔