اسمبلی انتخابات سے قبل چیف منسٹر کا عوام کے درمیان پہونچنے کا منصوبہ

   

کانگریس اور بی جے پی کی ٹی آر ایس حکومت پر سخت تنقید کے بعد سیاسی سرگرمیاں یکسر تبدیل
حیدرآباد۔8۔نومبر۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چند رشیکھر راؤ اسمبلی انتخابات سے قبل عوام کے درمیان پہنچنے کے حق میں ہیں اور جلد ہی تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ اور قائدین کے علاوہ وزراء ریاست بھر میں عوام کے درمیان پہنچ کر زیادہ سے زیادہ رائے دہندوں سے راست ملاقات کی کوشش کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں جلد سرگرم ہونے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ریاست میں سیاسی سرگرمیوں میں ہونے والے اضافہ اور کانگریس اور بی جے پی کی جانب سے ریاست بھر میں شدت کے ساتھ مخالف حکومت مہم چلائے جانے کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اسے دیکھتے ہوئے تلنگانہ راشٹر سمیتی اپنے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر تمام اضلاع اور دیہی علاقوں میں پہنچ کر عوام سے ملاقات کے حق میں ہیں اور اس سلسلہ میں وزراء کے علاوہ ضلع انچارجس کو خصوصی ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے اضلاع کے دوروں کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کریں ۔ گذشتہ ایک برس کے دوران ریاست میں چیف منسٹر اور ان کے خاندان کے علاوہ حکومت کی کارکردگی پر کانگریس اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے شدید تنقیدوں اور حالیہ عرصہ میں دوباک اور حضور آباد میں ہوئے ضمنی انتخابات کے دوران بی جے پی کی کامیابی اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو شکست کا سامنا کرنا پڑاہے ۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے ذرائع کا کہناہے کہ حکومت بالخصوص چیف منسٹر کا احساس ہے کہ تلنگانہ میں حکومت اور تلنگانہ راشٹرسمیتی پر عوام کو اب بھی بھر پور اعتماد ہے لیکن بھارتیہ جنتاپارٹی اپنی دیگر محاذی تنظیموں کے تعاون سے عوام کے درمیان پہنچ رہی ہے اسی لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی نے بھی اپنے طریقہ کار میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس فیصلہ کے تحت مسٹر کے چندر شیکھر راؤ انتخابات کے اعلان سے قبل عوام کے درمیان پہنچ کر ان سے ملاقات کریں گے ۔ بتایاجاتا ہے کہ حضور آباد کے نتائج کے بعد تلنگانہ راشٹر سمیتی نے طویل مدتی انتخابی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے اس کے مطابق کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آئندہ انتخابات کے دوران رائے دہندوں کو اس بات کی شکایت نہ رہے کہ چیف منسٹر عوام کے درمیان موجود نہیں رہتے اور کسی سے ملاقات نہیں کرتے ۔ بی جے پی اور کانگریس کی جانب سے مسلسل چیف منسٹرپر فارم ہاؤز میں رہنے اور پرگتی بھون سے باہر نہ نکلنے کے الزامات لگائے جاتے رہے ہیں۔ م