اویسی خاندان اپنی چوتھی نسل کو ملت کی نمائندگی کا موقع فراہم کرنے کی منصوبہ بندی
حیدرآباد۔19۔جون(سیاست نیوز) مجلس اتحاد المسلمین آئندہ اسمبلی انتخابات میں نئے چہروں کو انتخابی میدان میں اتارنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔ تلنگانہ اسمبلی کے لئے ہونے والے انتخابات میں اویسی خاندان اپنی چوتھی نسل کو ملت کی نمائندگی کا موقع فراہم کر سکتا ہے ۔ذرائع کے مطابق ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں حلقہ اسمبلی چارمینار‘ یاقوت پورہ یا بہادرپورہ سے قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کے فرزند نورالدین اویسی کو میدان میں اتارنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں ۔نورالدین اویسی جو کہ سالار ملت ایجوکیشنل ٹرسٹ کے ٹرسٹی ہیں اور قائد ایوان مقننہ جناب اکبرالدین اویسی کی نگرانی میں چلائے جانے والے تعلیمی ادارۂ جات کی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین حلقہ اسمبلی چارمینار پر 1967 سے اپنا قبضہ برقرار رکھے ہوئے ہے اور سالار ملت الحاج سلطان صلاح الدین اویسی نے اس حلقہ اسمبلی سے پہلی مرتبہ کامیابی حاصل کی تھی بعد ازاں انہوں نے 1972میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی حاصل کی تھی اور حلقہ اسمبلی بہادرپورہ حلقہ جات اسمبلی کی تنظیم جدید کے دوران سال 2009 میں وجود میں آیا ہے اور اس حلقہ اسمبلی کے وجود سے ہی جناب معظم خان اس حلقہ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ اور چارمینار سے نور الدین اویسی کو ٹکٹ دیئے جانے کے امکانات زیادہ ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے والد جناب اکبرالدین اویسی اور پارٹی صدر بیرسٹر اسد الدین اویسی کی جانب سے اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ مجلس اتحاد المسلمین اور بھارت راشٹرسمیتی کے درمیان جاری تناؤ اور مجلس کی جانب سے برسراقتدار جماعت پر کی جانے والی تنقیدوں اور ملک بھر کی مختلف ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں مجلسی امیدواروں کی تعداد اور اسمبلی میں جناب اکبر الدین اویسی کی جانب سے کئے گئے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ ممکن ہے کہ تلنگانہ میں بھی مجلس کی جانب سے کئی حلقہ جات اسمبلی سے امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق جناب اکبر الدین اویسی نے اسمبلی میں مباحث کے دوران کہا تھا کہ ان کی پارٹی ریاستی اسمبلی انتخابات میں 50امیدوار میدان میں اتارے گی اور ان میں 35 امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائے گی ۔ اس کے بعد مجلس نے اس سلسلہ میں کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا لیکن اب جس انداز میں سرگرمیاں جاری ہیں انہیں دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے نہ صرف شہر حیدرآباد میں بلکہ اضلاع کے حلقہ جات اسمبلی سے بھی امیدوار میدان میں اتارے جاسکتے ہیں۔ روایت کے برخلاف مجلس نے جلسہ ’یاد فخرملتؒ ‘چوک کے بجائے یوسف گوڑہ کے علاقہ میں منعقد کیا جو کہ حلقہ اسمبلی جوبلی ہلز کے حدود میں آتا ہے اسی طرح صدر مجلس نے نرمل کے علاوہ سداسیوپیٹ میں جلسہ عام منعقد کیا جو کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں کے حدود میں ہے۔حلقہ اسمبلی چارمینار‘ یاقوت پورہ یا بہادر پورہ سے نورالدین اویسی کو انتخابی میدان میں اتارے جانے کی تیاریوں کے سلسلہ میں پارٹی قائدین کا کہناہے کہ اگر جماعت اس سلسلہ میں قطعی فیصلہ کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے تو شہر کے عوام نورالدین اویسی کی تاریخ ساز کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔م