بھوپال: کانگریس کے سینئر لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے فارمولے کے بارے میں آج کہا کہ مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی، جو زمین پر اچھا کام کر رہے ہیں انہیں ٹکٹ دیے جائیں گے ۔ کمل ناتھ یہاں ریاستی کانگریس دفتر میں صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش اسمبلی انتخابات 2023 کے ٹکٹوں کی تقسیم کا فارمولہ یہ ہوگا کہ مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی۔ جو گراؤنڈ پر اچھا کام کر رہے ہیں انہیں ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جن سیٹوں پر کانگریس کئی انتخابات میں شکست کھا رہی ہے وہاں سے یہ تاثرات بھی مل رہے ہیں کہ عوام تبدیلی کے موڈ میں ہیں۔ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے ۔ کوئی کسی لیڈر کے زیادہ قریب ہوتا ہے ، کوئی دوسرے لیڈر کے قریب ہوتا ہے ، اس میں کوئی حرج نہیں ہے ۔سابق اپوزیشن لیڈر اجے سنگھ کے سوال پر کمل ناتھ نے کہا کہ انہوں نے ستنا کے پروگرام میں اس لئے شرکت نہیں کی کیونکہ وہ کہیں مصروف تھے ۔ اس کی اطلاع انہوں نے مجھے دے دی تھی وہ آج شام مجھ سے مل رہے ہیں۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیہ ٹھاکر کی نفرت انگیز تقریر کے سوال پر مسٹر کمل ناتھ نے کہا کہ نفرت انگیز تقریر ہندوستانی جمہوریت کے لیے ایک نیا چیلنج ہے ۔ جن افسران نے اس کے خلاف خط لکھے ہیں وہ ان کی حمایت کرتے ہیں۔ لیکن اصل بات یہ ہے کہ خود بھارتیہ جنتا پارٹی کو اس کے بارے میں سوچنا چاہیے ۔ یہ پہچاننا چاہیے کہ اس کی جڑ کہاں ہے ۔