اسمبلی انتخابات کی تیاریاں، یکم جون سے ای وی ا یم کی جانچ

   

چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کی الیکشن آفیسرس سے ویڈیو کانفرنس ، شناختی کارڈس کی اجرائی کا جائزہ
حیدرآباد۔27۔اپریل (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے ضلع الیکشن آفیسرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا اور اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ وکاس راج نے ضلع الیکشن آفیسرس کو مشورہ دیا کہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس کریں اور فہرست رائے دہندگان کے علاوہ ای وی ایم مشینوں پر ان کے اعتراضات کی یکسوئی کے اقدامات کریں۔ وکاس راج نے ضلعی عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں تجاویز ریٹرننگ آفیسرس کو روانہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ یکم جون سے ای وی ایم مشینوں کی پہلے مرحلہ کی جانچ کا آغاز ہوگا اور ضلعی عہدیداروں کو مشینوں کی جانچ کی تیاری کرنی چاہئے ۔ یہی ای وی ایم مشینیں اسمبلی انتخابات میں استعمال کی جائیں گی۔ وکاس راج نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس انجنیئرس کی ٹیم کے ساتھ مشینوں کی جانچ کریں گے۔ انہوں نے ریاستی سطح اور ضلعی سطح کے ماسٹر ٹرینرس کی نشاندہی کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ وکاس راج نے ضلعی الیکشن آفیسرس سے کہا کہ فارم 6 ، 7 اور 8 کی درخواستوں کی یکسوئی پر توجہ دیں۔ 30 اپریل کو اضافی فہرست رائے دہندگان کی اجرائی کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کم رائے دہی والے علاقوں میں شعور بیداری مہم کا مشورہ دیا اور اس سلسلہ میں ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر کے تحت سوشیل میڈیا ٹیم کو مقرر کیا جائے جو الیکشن سے متعلق پوسٹ کا جواب دے۔ ویڈیو کانفرنس میں ووٹر شناختی کارڈ کی پرنٹنگ اور رائے دہندوں میں تقسیم کا جائزہ لیا گیا۔ حالیہ عرصہ میں 15 لاکھ ووٹر شناختی کارڈ جاری کئے گئے ۔ باقی شناختی کارڈس کی پرنٹنگ کا کام جاری ہے۔ر