اسمبلی انتخابات کے اخراجات کیلئے کیڈر سے عطیات کی اپیل

   

سی پی آئی سکریٹری وینکٹ ریڈی کا بیان، ارکان کیلئے عطیہ کی رقم کا تعین
حیدرآباد: سی پی آئی اسٹیٹ کونسل نے چار ریاستوں اور ایک مرکزی زیر انتظام علاقہ میں انتخابی اخراجات کی تکمیل کیلئے پارٹی کیڈر سے عطیات کی اپیل کی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر پارٹی ممبر کو لازمی طور پر 10 روپئے جبکہ نیشنل کونسل ممبر کو 2000 روپئے عطیہ دینا ہوگا۔ نیشنل اگزیکیٹیو ممبرس کے لئے 5000 اور نیشنل سکریٹریٹ ممبرس کے لئے فی کس 10,000 روپئے کا عطیہ طئے کیا گیا ہے ۔ انہوں نے اسٹیٹ اگزیکیٹیو ممبرس پر زور دیا کہ وہ فی کس 1000 روپئے اور اسٹیٹ کونسل ممبرس 500 روپئے کا عطیہ دیں۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ ورکرس ، نوجوانوں ، طلبہ ، خواتین کی تنظیموں اور پارٹی کے بہی خواہوں سے عطیات وصول کریں۔ انہوں نے کہا کہ عطیات راست طور پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے کنارا بینک برانچ نئی دہلی میں راست طور پر جمع کئے جاسکتے ہیں ۔