غزہ میں فوری مستقل جنگ بندی کا مطالبہ ،جماعت اسلامی کی قرارداد
نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کی جانب سے آج منعقدہ پریس کانفرنس میں ملک و بیرون ملک کے سیاسی،سماجی اور تعلیمی صورت حال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت ملک معتصم خاں نے کہا کہ ملک میں ہونے والے حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے قومی سیاست کے جس سمت میں بڑھنے کا اشارہ مل رہا ہے ، وہ تشویش کا باعث ہے ۔ جماعت اسلامی ہند انتخابات جیتنے اور ہارنے والی دونوں پارٹیوں کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ سنجیدگی سے خود کا جائزہ لیں، غور و فکر کریں اور سوچیں کہ ہماری قوم کس سمت جا رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے ۔ توقع کی جاتی ہے کہ وہ ملک کے حالات کا حقیقت پسندانہ تجزیہ کر کے عوام کی صحیح رہنمائی کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا ۔ مگر دیکھا گیا ہے کہ چند کو چھوڑ کر میڈیا، حکمراں پارٹی کا ترجمان بن جاتا ہے ۔ میڈیا کو غیر جانبدارانہ کردار اپنانا چاہئے ۔نائب امیر جماعت پروفیسر سلیم انجینئر نے جماعت کی مجلس شوریٰ کے حالیہ اجلاس میں پاس کی گئی قراردادںاقوام متحدہ سے غزہ میں فوری مستقل جنگ بندی کا مطالبہ،انتخابی بانڈز میں شفافیت اورحکومت بیورو کریسی کے سیاسی غلط استعمال سے باز رہے،پر بات کی ۔
