اسمبلی اور قانون ساز کونسل میں یوم آزادی تقاریب، گاندھی جی اور ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج

   

Ferty9 Clinic

مجاہدین آزادی کے اصول مشعل راہ، پوچارام سرینواس ریڈی کا خطاب

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی اور قانون ساز کونسل کے عبوری صدرنشین بھوپال ریڈی نے اسمبلی اور کونسل کے احاطہ میں آج ملک کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہرایا۔ اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے مجاہدین آزادی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ مجاہدین آزادی کی تعلیمات کو مشعل راہ بناتے ہوئے ملک اور عوام کی خدمت کیلئے خود کو وقف کردیں۔ دونوں نے اسمبلی کے احاطہ میں مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسموں پر پھول نچھاور کئے۔ اس موقع پر ارکان مقننہ وانی دیوی، رگھوتم ریڈی، چنپا ریڈی، کے جناردھن ریڈی، وی جی گوڑ، سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست ترقی اور فلاحی اقدامات میں دیگر ریاستوں سے آگے ہے۔ انہوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلتوں اور کمزور طبقات کی ترقی کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے دلت بندھو اسکیم کا حوالہ دیا اور کہا کہ آزادی کے بعد سے دلتوں کے حق میں شروع کردہ یہ پہلی منفرد اسکیم ہے اور ملک بھر میں اس پر عمل کرتے ہوئے دلتوں کی پسماندگی دور کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی کی قیادت میں جدوجہد آزادی کی جنگ عدم تشدد اور پُرامن اصولوں پر قائم رہی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے مہاتما گاندھی کے عدم تشدد کے راستہ کو اختیار کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل کی ہے۔ تلنگانہ آج ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے ایک مثال بن چکی ہے۔ کئی ریاستوں نے تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کیا ہے۔ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال قابو میں ہے اور پولیس کی ترقی کیلئے حکومت نے کئی اہم قدم اٹھائے۔