اسمبلی اور کونسل اجلاس کا جمعہ سے آغاز

   

حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا اجلاس 24 ستمبر کو 11 بجے دن شروع ہوگا۔ حکومت ایک ہفتہ تک اجلاس کے انعقاد کا منصوبہ رکھتی ہے تاہم اجلاس کے پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس کے ایجنڈہ اور ایام کار کی تعداد کو طئے کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت مختلف سرکاری بلز متعارف کرنے کی تیاری کررہی ہے جس میں ریوینو رجسٹریشن ایکٹ اور ہاوزنگ ڈیولپمنٹ کارپوریشن ایکٹ شامل ہیں۔ دلت بندھو اسکیم پر تفصیلی مباحث کا امکان ہے کیونکہ حکومت نے اسکیم پر پائیلٹ پراجکٹ کے تحت حضورآباد میں عمل آوری کا آغاز کیا ہے۔ چیف منسٹر کے اڈاپٹ کردہ گاؤں واسالا مری میں اسکیم کا آغاز ہوچکا ہے۔ ریاست بھر میں اسکیم پر عمل آوری اور دیگر طبقات کی جانب سے دلت بندھو کی طرح اسکیم کے آغاز کے مطالبہ کے پیش نظر اجلاس میں مباحث اہمیت کے حامل رہیں گے۔ کانگریس پارٹی نے دلت بندھو کے علاوہ کسانوں کے مسائل ‘ سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں اور 60 ہزار جائیدادوں پر تقررات کے نوٹیفکیشن کے علاوہ بے رو۔گاری کے مسئلہ کو اٹھانے کا منصبوبہ رکھتی ہے ۔دوسری طرف اہم اپوزیشن مجلس نے سکریٹریٹ کی مساجد، اقلیتی بہبود بجٹ، میٹرو ریل کی پرانے شہر میں توسیع اور دیگر مسائل کو پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔