اسمبلی اور کونسل کا بجٹ سیشن غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

   

دونوں ایوانوں میں 10 بلز کی منظوری، 3 سرکاری قراردادیں، چیف منسٹر نے 4 گھنٹے سے زائد تقریر کی

حیدرآباد 31 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کا بجٹ سیشن غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہوچکا ہے۔ اسمبلی کا اجلاس 10 دن جاری رہا جبکہ کونسل کا اجلاس 6 دن چلایا گیا۔ اجلاس کے اختتام کے بعد اسپیکر پرساد کمار اور صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی کی جانب سے اجلاس سے متعلق اعداد و شمار جاری کئے گئے۔ اسمبلی کا اجلاس 82 گھنٹے 47 منٹ جاری رہا۔ اسمبلی سکریٹریٹ کو 590 سوالات ارکان کی جانب سے موصول ہوئے۔ 42 سوالات کا وزراء نے ایوان میں جواب دیا جبکہ 68 سوالات کے تحریری جواب دیئے گئے۔ وزراء کی جانب سے 91 ضمنی سوالات کا جواب دیا گیا۔ ارکان نے 125 تقاریر کیں جبکہ وزراء کی جانب سے صرف ایک بیان دیا گیا۔ 11 سرکاری بلز ایوان میں متعارف کئے گئے جن میں 10 بلز منظور کئے گئے جبکہ ایک بل سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے 3 قراردادیں منظور کی گئیں۔ اسمبلی میں قائد ایوان ریونت ریڈی نے 4 گھنٹے 26 منٹ خطاب کیا۔ لیڈر آف اپوزیشن کے سی آر اجلاس کے دوران غیر حاضر رہے۔ بی جے پی فلور لیڈر نے 3 گھنٹے 28 منٹ کا وقت لیا جبکہ سی پی آئی فلور لیڈر نے 4 گھنٹے 22 منٹ اظہار خیال کیا۔ وزراء کی جانب سے 34 گھنٹے 13 منٹ وقت حاصل لیا گیا۔ پارٹی کے اعتبار سے کانگریس نے 13 گھنٹے 25 منٹ، بی آر ایس 16 گھنٹے 12 منٹ، بی جے پی 9 گھنٹے 13 منٹ، مجلس 5 گھنٹے 22 منٹ اور سی پی آئی نے 4 گھنٹے 22 منٹ وقت حاصل کیا۔ کانگریس کی جانب سے 42 منٹ ایوان کی کارروائی میں خلل پڑا جبکہ بی آر ایس نے 4 گھنٹے 56 منٹ کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ بی جے پی ارکان نے 18 منٹ تک ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پیدا کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے 4 گھنٹے 43 منٹ تقریر کی جبکہ وزیر اُمور مقننہ نے 6 گھنٹے 29 منٹ اظہار خیال کیا۔ بی آر ایس کے ڈپٹی لیڈر ہریش راؤ نے 4 گھنٹے 16 منٹ، کے ٹی آر ایک گھنٹہ 44 منٹ، پی راجیشور ریڈی 47 منٹ اور وی پرشانت ریڈی نے 13 منٹ تقریر کی۔ بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی نے 3 گھنٹے 28 منٹ کا وقت لیا۔ مجلس کے احمد بن عبداللہ بلعلہ نے ایک گھنٹہ 27 منٹ اظہار خیال کیا۔ سی پی آئی رکن سامبا سیوا راؤ نے 4 گھنٹے 22 منٹ تک وقت لیا۔ اسمبلی میں پارٹیوں کی عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس کے 66 ارکان ہیں۔ بی آر ایس 37، بی جے پی 8، مجلس 7 اور سی پی آئی کا ایک رکن شامل ہے۔ دوسری طرف قانون ساز کونسل کے 6 دن کے اجلاس میں کارروائی 30 گھنٹے 8 منٹ جاری رہی۔ ارکان کی جانب سے 66 تقاریر کی گئیں اور 10 سرکاری بلز کو مباحث کے ذریعہ منظوری دی گئی۔ کونسل میں چیف منسٹر نے 39 منٹ تقریر کی جبکہ قائد اپوزیشن مدھو سدن چاری نے ایک گھنٹہ 27 منٹ، بی جے پی فلور لیڈر ایک گھنٹہ 7 منٹ اور مجلس فلور لیڈر نے 37 منٹ تقریر کی۔ سی پی آئی لیڈر نے ایک گھنٹہ 18 منٹ کا وقت لیا۔ کانگریس نے مجموعی طور پر 4 گھنٹے 45 منٹ کا وقت لیا جبکہ بی آر ایس نے 6 گھنٹے 19 منٹ صرف کئے۔ بی جے پی 2 گھنٹے 53 منٹ، مجلس ایک گھنٹہ، آزاد اور نامزد ارکان 2 گھنٹے 46 منٹ اور سی پی آئی رکن نے ایک گھنٹہ 18 منٹ تقریر کی۔ 40 رکنی کونسل میں بی آر ایس کے 20 ارکان ہیں جبکہ کانگریس 6، بی جے پی 3 ، مجلس 2 ، سی پی آئی ایک، آزاد ایک اور 4 نامزد ارکان ہیں۔ 3 نشستیں مخلوعہ ہیں۔1