عہدیداروں کے ساتھ اسپیکر اور صدرنشین کونسل کی ٹیلی کانفرنس، عوامی مسائل پر مباحث کی اجازت رہے گی
حیدرآباد۔/4 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مانسون سیشن کا 6 ستمبر کو آغاز ہوگا اور اس سلسلہ میں اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی کے ہمراہ اسپیکر اسمبلی نے ٹیلی کانفرنس پر عہدیداروں کو ضروری ہدایات دیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، کمشنر پولیس سی وی آنند اور دیگر عہدیداروں نے ٹیلی کانفرنس میں حصہ لیا۔ اسپیکر اور صدرنشین کونسل نے لیجسلیچر سکریٹریٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ زیر التواء سوالات کے جواب جلد از جلد روانہ کریں۔ اسمبلی اجلاس کا ایجنڈہ اور دیگر امور تلگو، انگریزی اور اردو زبان میں تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ اجلاس کے پہلے دن بزنس اڈوائزری کمیٹی ایام کار کا تعین کرے گی تاہم توقع کی جارہی ہے کہ مانسون سیشن ایک ہفتہ تک جاری رہے گا۔ اسی دوران سرینواس ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی اجلاس ملک بھر کیلئے ایک مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ریاستوں کی اسمبلیوں کی کارکردگی کے مقابلہ میں تلنگانہ کی کارکردگی بہتر ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں عوامی مسائل پر مباحث کیلئے موقع فراہم کیا جائے گا۔ گزشتہ اجلاسوں کی طرح مجوزہ اجلاس بھی شفافیت کے ساتھ منعقد ہوگا۔ اس سلسلہ میں تمام جماعتوں سے تعاون کی امید ہے۔ اسپیکر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ارکان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کے جوابات فوری طور پر تیار رکھیں۔ ہر محکمہ کی جانب سے اسمبلی کیلئے ایک نوڈل آفیسر کو مقرر کیا جانا چاہیئے۔ اسپیکر نے کہا کہ اضلاع میں عوامی نمائندوں کے ساتھ پروٹوکول کی پابندی کیلئے ضلع عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ اسپیکر نے کہا کہ اسمبلی میں واقع ڈسپنسری میں کورونا کے معائنہ کا انتظام کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ارکان کیلئے بوسٹر ڈوز کی سہولت رہے گی۔ جی سکھیندر ریڈی نے محکمہ پولیس کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ اجلاس کے پرسکون انعقاد میں پولیس کا اہم رول ہوتا ہے۔ اسمبلی اور کونسل کے باہر حفاظتی انتظامات پر توجہ دی جائے۔ سکریٹری لیجسلیچر نرسمہا چاریلو، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، سکریٹری ہیلت مرتضیٰ علی رضوی، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، پرنسپل سکریٹری ہوم روی گپتا اور دیگر عہدیداروں نے ٹیلی کانفرنس میں شرکت کی۔ ر