اسمبلی اِنر لابی میں سابق ایم ایل ایز و ایم پیز کا داخلہ بند

   

حیدرآباد۔/18 ڈسمبر، ( سیاست نیوز ) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں سابق ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ سابق ارکان پارلیمنٹ کو ایوان کی اندرونی لابی میں داخلہ سے روک دیا گیا ہے۔ اسمبلی کی لابی میں سابق ارکان اسمبلی و کونسل اور سابق ارکان پارلیمنٹ کو داخلہ کی اجازت ہے جہاں سرکاری عہدیدار اور صحافی بھی موجود ہوتے ہیں۔ اس لابی میں ریاستی وزراء کے چیمبرس ہیں اور ان کا اسٹاف بھی دکھائی دیتا ہے۔ ایوان کے اطراف کے علاقہ کو اِنر لابی یعنی داخلی لابی کہا جاتا ہے جہاں صرف ارکان کو داخلہ کی اجازت ہے۔ سابق میں دیکھا گیا کہ سابق ارکان اسمبلی و کونسل اور سابق ارکان پارلیمنٹ اِنر لابی میں داخل ہوکر وزراء اور ارکان سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ حکومت نے سابق عوامی نمائندوں کو اِنرلابی میں داخلہ سے روکنے کیلئے باقاعدہ بورڈ آویزاں کردیا ہے جس پر درج ہے ’’ایکس ایم ایل اے ، ایکس ایم ایل سی، ایکس ایم پیز آر ناٹ الاوڈ‘‘ بورڈ کی تنصیب ارکان میں موضوع بحث بن چکی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سابق عوامی نمائندوں کے اِنر لابی میں داخلہ سے مسائل پیدا ہورہے تھے لہذا انہیں بیرونی لابی تک محدود رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر پرساد کمار سے مشاورت کے بعد داخلہ پر پابندی کا بورڈ آویزاں کیا گیا۔اس پابندی سے سابق عوامی نمائندوں میں مایوسی دیکھی جارہی ہے۔1