2 جون تک اعلامئے جاری کئے جائیں گے ، 9 دسمبر تک تقررات کا عمل مکمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل اور تکلیف سے وہ بخوبی واقف ہیں ۔ قربانیوں کی بنیاد پر تلنگانہ ریاست قائم ہوئی ہے ۔ اسمبلی کے بجٹ سیشن میں ہی جاب کیلنڈر جاری کرنے کا انہوں نے اعلان کیا ہے ۔ پرجا بھون میں چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ’ راجیو گاندھی سیولس ابھئے ہستم ‘ افتتاحی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں بیروزگاری بھی ایک اہم مسئلہ تھا ۔ کانگریس حکومت بیروزگار نوجوانوں کی قربانیوں کا احترام کرتی ہے ۔ بیروزگار وں کے مسائل کو حل کرنے کو حکومت اولین ترجیح دے رہی ہے ۔ جس کی وجہ سے اقتدار حاصل کرتے ہوئے ابتدائی تین ماہ میں 30 ہزار تقرر نامے ( اپائنٹمـنٹ آرڈرس ) مستحقین کے حوالے کیے گئے ہیں ۔ جس میدان پر انہوں نے بحیثیت چیف منسٹر حلف لیا تھا اسی گراونڈ پر تقررات نامے حوالے کئے گئے ہیں ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں گذشتہ 10 سال کے دوران بیروزگار نوجوانوں کو بہت زیادہ نقصان پہونچا ہے ۔ ان سے ہر شعبہ میں نا انصافی ہے ۔ وہ چیف منسٹر بننے کے بعد ملازمتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں ۔ یو پی ایس سی کے طرز پر ٹی جی پی ایس سی میں تبدیلی لائی گئی ہے ۔ گروپس پریلمس امتحان کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ ڈی ایس سی امتحانات جاری ہیں ۔ بیروزگار نوجوانوں کے مسائل کی نشاندہی کرنے کے بعد گروپ II امتحان کو ملتوی کیا گیا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارکا نے بیروزگار نوجوانوں سے مشاورت کی ہے ۔ اس کے بعد صدر نشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سے بات کرتے ہوئے گروپ II امتحان کو ملتوی کردیا ہے ۔ حکومت تمام احتیاطی اقدامات کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنا رہی ہے ۔ ملازمتوں کی فراہمی کے معاملے میں کانگریس حکومت اپنے عہد کی پابند ہے ۔ 23 جولائی سے اسمبلی کا بجٹ اجلاس شروع ہورہا ہے ۔ اسی سیشن میں حکومت جاب کیلنڈر جاری کرے گی ۔ ہر سال مارچ میں کتنے محکمہ جات میں کتنی مخلوعہ جائیدادیں ہیں اس کی تفصیلات حاصل کرلی جائیں گی ۔ 2 جون تک نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے 9 دسمبر تک تقررات کا عمل مکمل کرنے کے اقدامات عملی طور پر شروع کئے جائیں گے ۔۔ 2